لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں رانا سکندر حیات نے کہا کہ گزشتہ چار روز سے یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ مولانا فضل الرحمان کو گرفتار یا کسی حصار میں رکھا گیا ہے، تاہم یہ دعوے درست نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتوار کو سہ پہر پونے تین بجے تک مولانا فضل الرحمان کو گرفتار نہیں کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ مولانا اس وقت کہاں موجود ہیں۔

تاہم اسی پریس کانفرنس کے دوران جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دعویٰ کیا کہ پنجاب حکومت نے پارٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ایک بار پھر غیر قانونی طور پر نظر بند کر دیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان اور حکومت کے درمیان کشیدگی

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے 11 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد حکومت مخالف بیانات کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے پر اتفاق ہو گیا تھا، لیکن اس کے باوجود وفاقی حکومت نے گورنر راج نافذ کر دیا۔

اس کے بعد مولانا فضل الرحمان، ان کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر اسعد محمود سمیت جے یو آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف مالی اور انتظامی تحقیقات شروع ہوئیں۔ پارٹی نے اسے حکومتی کریک ڈاؤن اور انتقامی کارروائی قرار دیا، تاہم حکومتی رہنما ان الزامات کو بے بنیاد کہتے ہیں۔

19 نومبر کو جے یو آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اور اسعد محمود سے ان کی تمام سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔

بعد ازاں مولانا فضل الرحمان نے ملک کے مختلف شہروں میں سیاسی اجتماعات اور جلسوں میں شرکت شروع کی۔ وہ بدھ کو لاہور بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آل پارٹیز سیمینار میں شرکت کے لیے لاہور پہنچے تھے، تاہم ان کے مطابق وہ ریاستی حصار میں ہونے کے باعث اس تقریب میں شریک نہیں ہو سکے۔

اسی دوران انہوں نے لاہور سے جاری کیے گئے ویڈیو پیغامات میں الزام لگایا کہ سرگودھا میں جلسے سے قبل ڈویژن بھر میں پارٹی کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان بھی کیا تھا۔

احتجاج کے اعلان کے بعد جمعرات کو لاہور اور پشاور موٹروے سمیت ملک کی متعدد شاہراہیں بند کر دی گئی تھیں۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق بیشتر سڑکیں جمعرات کی رات جبکہ باقی جمعہ کی صبح ٹریفک کے لیے کھول دی گئی تھیں۔

گزشتہ روز کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل کر دی تھی۔ اسی روز جے یو آئی نے دعویٰ کیا کہ اسلام آباد پولیس نے مولانا کے صاحبزادے اسعد محمود کو گرفتار کر لیا ہے، تاہم پولیس نے اس دعوے کی تردید کی تھی۔

رانا سکندر کی مولانا فضل الرحمان پر تنقید

مولانا فضل الرحمان کی سیاسی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ اگر ان کے ساتھ عوامی طاقت موجود تھی تو انہیں ٹھوکر نیاز بیگ سے مارچ شروع کرکے دھرنا دینا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو سڑکیں اور موٹرویز بند کرنے یا جلانے کی ترغیب دینے کے بعد یہ کہنا کہ وہ خود گرفتاری سے بچنے کے لیے وہاں سے چلے گئے، مناسب سیاسی طرزِ عمل نہیں۔

افغان شہریوں کے نام پر جائیدادوں اور گاڑیوں کا معاملہ

افغان شہریوں کے نام پر پاکستان میں جائیدادوں اور گاڑیوں کی ملکیت سے متعلق سوال پر رانا سکندر حیات نے کہا کہ انہوں نے عدلیہ سے حقِ معلومات کے تحت تفصیلات طلب کی ہیں۔

ان کے مطابق وہ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا پر حملے سے منسلک افراد کے نام پر پاکستان میں جائیدادیں خریدنے اور نان کسٹم پیڈ گاڑیاں منگوانے کا معاملہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ یہ معلومات وزیر کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک شہری کے طور پر حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

رانا سکندر کا کہنا تھا کہ ماضی میں ان کے سیاسی رہنما سے 1960 اور 1970 کی دہائیوں کے مالی معاملات کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں اور تنخواہ وصول نہ کرنے پر انہیں نااہل قرار دیا گیا تھا۔ ان کے بقول جائیدادوں اور گاڑیوں کی ملکیت کے معاملے میں بھی شفافیت ہونی چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان کے ساتھ سیاسی تعلقات پر سوال

مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے سابقہ سیاسی تعلقات اور موجودہ اختلافات سے متعلق سوال پر رانا سکندر حیات نے کہا کہ سیاست میں اختلاف، اتحاد اور انتخابی مقابلے ہوتے رہتے ہیں، تاہم سوال یہ ہے کہ ہر مرتبہ مولانا فضل الرحمان کے اقتدار کے معاملے پر ہی تنازع کیوں پیدا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بلوچستان سے منتخب ہوئے ہیں، اس لیے انہیں پہلے اپنے حلقے اور صوبے کے مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورت حال خراب کرنے کی کوشش کیوں کی جا رہی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں بھی امن قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ انہیں توقع تھی کہ مولانا فضل الرحمان کی تحریک کے نتیجے میں لاکھوں افراد سڑکوں پر نکلیں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔

ان کے بقول عوام کو روزگار اور تعلیم جیسے مسائل سے غرض ہے، نہ کہ سڑکیں بند کرنے سے۔