رپورٹ کے مطابق ذیشان علی چین کے دو دیگر خلابازوں ژانگ ژی یوان اور لی جیا ینگ کے ہمراہ خلائی اسٹیشن تیانگونگ سے خلائی جہاز کے ذریعے زمین کی جانب روانہ ہوں گے۔ ان کا خلائی جہاز شمالی چین کے علاقے ڈونگ فینگ میں لینڈ کرے گا۔

حکام کے مطابق پاکستانی خلاباز کی واپسی کا عمل آج رات 9 بجے شروع ہوگا، جبکہ ان کی زمین پر لینڈنگ رات تقریباً 2 بجے متوقع ہے۔

چینی خلائی ایجنسی کے مطابق واپس آنے والے تمام خلاباز اپنے طے شدہ فرائض مکمل کرچکے ہیں، جبکہ ڈونگ فینگ لینڈنگ سائٹ اور متعلقہ تکنیکی نظاموں پر ان کی بحفاظت واپسی کے لیے آخری تیاریاں جاری ہیں۔

واپسی کے سفر میں ژانگ ژی یوان مشن کمانڈر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ چینی خلائی ایجنسی کے مطابق واپس آنے والے خلاباز تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے زمین کے لیے کچھ ’پراسرار تحائف‘ بھی اپنے ساتھ لائیں گے۔

دوسری جانب ’شینژو 23‘ مشن کے خلاباز ژو یانگ ژو خلائی اسٹیشن پر قیام جاری رکھیں گے۔ وہ ایک سالہ قیام کے تجربے کے سلسلے میں پہلے ہی چھ ماہ خلا میں گزار چکے ہیں۔

ان کے ساتھ ’شینژو 24‘ مشن کے کمانڈر تانگ ہونگ بو اور خلاباز وو یی بھی خلائی اسٹیشن پر موجود رہیں گے۔

پاک فضائیہ کے پائلٹ محمد ذیشان علی زمین کے مدار میں داخل ہونے والے پہلے پاکستانی اور تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ہیں۔ وہ 25 نومبر کو چین کے ’شینژو 24‘ خلائی جہاز کے ذریعے خلا کے سفر پر روانہ ہوئے تھے۔

محمد ذیشان علی اس مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے شریک ہیں اور مشترکہ سائنسی تحقیق میں حصہ لے رہے ہیں۔

خلائی مشن میں کمانڈر اور فلائٹ انجینئر خلائی جہاز چلانے اور اس کے نظام کو کنٹرول کرنے کے ذمہ دار ہوتے ہیں، جب کہ پے لوڈ اسپیشلسٹ کی بنیادی ذمہ داری خلائی اسٹیشن پر مخصوص سائنسی آلات چلانا، تجربات کرنا اور تحقیقی منصوبوں کی نگرانی کرنا ہوتی ہے۔

اس مشن کے تحت 90 سے زائد سائنسی تجربات اور ٹیکنالوجی کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ ان تجربات کے بنیادی مقاصد میں طویل خلائی سفر کے دوران خلابازوں کے لیے آکسیجن اور خوراک کی قدرتی فراہمی کے طریقوں پر تحقیق، زمین پر موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے والی مضبوط فصلوں کی تیاری اور خلائی جہازوں کے لیے جدید حفاظتی و خودکار مرمتی مواد کی جانچ شامل ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے گفتگو

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں سپارکو کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے خلائی اسٹیشن میں موجود محمد ذیشان علی سے براہِ راست گفتگو کی اور انہیں اس تاریخی کامیابی پر مبارک باد دی۔

اس مشن کی ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ذیشان علی کی مذہبی اور غذائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر ان کے لیے خصوصی کھانے کا انتظام بھی کیا گیا۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق چین کے ایسٹروناٹ سینٹر کے محققین نے خصوصی مینو تیار کرنے سے پہلے پاکستانی کھانے پینے کی روایات، حلال تقاضوں اور غذائی ترجیحات کا مطالعہ کیا۔ اس خصوصی مینو میں 100 سے زائد اقسام کی حلال غذائیں شامل تھیں، جن میں نہاری بیف، قورمہ، بٹر چکن اور چنے کا سالن جیسے پاکستانی پکوان شامل تھے۔

ان کھانوں کی تیاری میں ہلدی اور دیگر مصالحوں کا استعمال بھی کیا گیا تاکہ پاکستانی ذائقوں کو برقرار رکھا جاسکے۔ چینی حکام کے مطابق کھانے کی تیاری کا پورا عمل حلال معیار کے مطابق تھا۔ ان پکوانوں کے ذائقے بھی متعدد بار آزمائے گئے تاکہ غذائی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ انہیں خلا میں کم کششِ ثقل کے دوران کھانے کے لیے بھی موزوں بنایا جاسکے۔

محمد ذیشان علی کا خلائی سفر پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ توقع ہے کہ یہ کامیابی پاکستان میں سائنس دانوں، انجینیئرز اور خلا میں تحقیق کے خواہش مند نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ بنے گی۔