فلسطینی عوام کے ساتھ عالمی یومِ یکجہتی کے موقع پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کی مشکلات ختم کرنے اور ان کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے عملی، مربوط اور مستقل اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کا قیام اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کرنے سے ہی ممکن ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فلسطین کی ایک آزاد، خودمختار، قابلِ عمل اور جغرافیائی طور پر متصل ریاست کا قیام ضروری ہے، جس کی سرحدیں جون 1967 سے پہلے کی بنیاد پر ہوں اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ فلسطین کا دو ریاستی حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور عرب امن اقدام سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔
انہوں نے ایک بار پھر پاکستان کے فلسطینی کاز کے لیے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو محض یکجہتی کے بیانات تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ فلسطینی عوام کی تکالیف ختم کرنے اور ان کے حقوق کے حصول کے لیے ٹھوس اور مسلسل اقدامات کرنے چاہییں۔
واضح رہے کہ فلسطینی عوام کے ساتھ عالمی یومِ یکجہتی ہر سال 29 نومبر کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد فلسطینی عوام کے حقوق اور ان کے دیرینہ مسئلے کے منصفانہ حل کی حمایت کے لیے عالمی توجہ مبذول کرانا ہے۔







