کوئٹہ کے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں قائم مقام گورنر بلوچستان عبدالخالق اچکزئی نے نئے صوبائی وزرا سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔

حلف اٹھانے والوں میں جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی امیر اور حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان، جب کہ مسلم لیگ (ن) کے نوابزادہ زرین مگسی شامل ہیں۔

مولانا ہدایت الرحمان کی کابینہ میں شمولیت کے ساتھ جماعت اسلامی پہلی مرتبہ موجودہ بلوچستان حکومت کا حصہ بنی ہے۔ انہیں محکمہ فشریز (ماہی گیری) کا قلمدان سونپے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے نوابزادہ زرین مگسی کو بھی صوبائی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ دونوں نئے وزرا کی شمولیت سے بلوچستان کابینہ میں توسیع ہوگئی ہے۔

تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ن)، جماعت اسلامی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

ادھر صوبائی وزیر ظہور بلیدی کو محکمہ آبپاشی (ایریگیشن) کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان حکومت میں جماعت اسلامی کی شمولیت کے بعد صوبائی کابینہ میں مختلف حکومتی جماعتوں کی نمائندگی میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔