مولانا فضل الرحمان کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر ایمبولینس فراہم کی اور انہیں کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ منتقل کردیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا مکمل طبی معائنہ کیا۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا ای سی جی نارمل آیا ہے اور اب ان کی طبیعت بہتر ہے۔ ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد ان کی تمام طبی رپورٹس تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں آرام کا مشورہ دیا۔

جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے بھی مولانا فضل الرحمان کی طبیعت ناساز ہونے اور انہیں اسپتال منتقل کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ قائد جمعیت کی صحت بہتر ہے اور ان کی تمام طبی رپورٹس کلیئر ہیں۔

اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کئی روز کے مسلسل سفر اور تھکن کے باعث طبیعت میں خرابی محسوس کی۔ موجودہ حالات کے پیش نظر وہ لاہور سے لاڑکانہ بذریعہ سڑک سفر کر رہے تھے کہ دوران سفر رحیم یار خان کے مقام پر پولیس نے انہیں روک لیا اور ملتان میں ان کی رہائش گاہ تک محدود کردیا۔

ترجمان جے یو آئی نے بتایا کہ نظر بند ہونے کی وجہ سے ملتان انتظامیہ نے مولانا فضل الرحمان کو اسپتال منتقل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سے اسپتال منتقلی اور واپسی تک جماعت کے ذمہ داران ان کے ہمراہ موجود رہے، اس لیے کسی قسم کی تشویش کی ضرورت نہیں۔

اس موقع پر جے یو آئی پنجاب کے سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار، طارق بلوچ اور دیگر جماعتی ذمہ داران بھی مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ موجود تھے۔

اسلم غوری نے مولانا فضل الرحمان کی صحت سے متعلق غیر ضروری تشویش پھیلانے سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ قائد جمعیت خیریت سے ہیں اور کارکنان کسی قسم کی پریشانی میں مبتلا نہ ہوں۔

ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی اسپتال سے واپسی ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت سے متعلق خبروں کی غیر محتاط اور غیر ذمہ دارانہ تشہیر سے کارکنوں اور عوام میں تشویش پیدا ہوئی، جب کہ طبی معاملات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا کسی بھی طور مناسب نہیں۔

اسلم غوری نے کارکنوں سے مولانا فضل الرحمان کی صحت و سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرنے کی اپیل بھی کی۔