فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان بہت سینئر سیاست دان ہیں، تاہم شہدا کے حوالے سے انہوں نے جو بات کی وہ نامناسب تھی۔ شہدا قوم کے محسن ہیں اور اس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جان قربان کرنے والے پوری قوم کی ریڈ لائن ہیں۔ اس جنگ میں کامیابی ملک کے لیے ناگزیر ہے، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو مسلح افواج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے حق میں ہیں، تاہم سندھ کی تقسیم پر متفق نہیں ہیں۔ ان معاملات پر پارلیمنٹ میں بات ہونی چاہیے اور اتفاق رائے سے آگے بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی کوشش ہے کہ تمام فیصلے اتفاق رائے سے کیے جائیں، کیونکہ جو فیصلے اتفاق رائے سے ہوتے ہیں وہ دیرپا ثابت ہوتے ہیں۔ ریفرنڈم عوام سے رہنمائی حاصل کرنے کا ایک ذریعہ ہے، تاہم اس کا فیصلہ بھی اتفاق رائے سے ہونا چاہیے۔

وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ اگر کسی شخص کو عدالت سے سزا ہوئی ہو تو وہ سیاسی قیدی نہیں ہوتا۔ اختلاف رائے ہر فرد کا حق ہے، جب کہ خواجہ سعد رفیق کوئی الگ سیاسی دھڑا نہیں بنا رہے۔