تفصیلات کے مطابق  پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر ملک محمد احمد خان نے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت زرعی ٹیکس کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے اپنی رولنگ پڑھ کر سنا دی۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ٹیکس لگانے کا اختیار صرف اسمبلی کے پاس ہے اور پنجاب اسمبلی کا یہ اختیار کوئی سرکاری افسر استعمال نہیں کر سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سمیت کوئی بھی ایگزیکٹو اتھارٹی کسی قسم کا ٹیکس عائد نہیں کر سکتی اور اس طرح کے نوٹیفکیشن سے پنجاب اسمبلی کا استحقاق مجروح ہوا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے قانون سازی ایگزیکٹو اتھارٹی کے لگائے گئے ٹیکسز کا جائزہ لے، جبکہ قانونی کمیٹی 15 دن کے اندر اپنی رپورٹ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں پیش کرے۔

رولنگ پڑھنے کے بعد ارکانِ پنجاب اسمبلی نے اسپیکر کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ڈیسک بجائے، جب کہ اپوزیشن کے اراکین نے بھی اس اقدام کو سراہا۔