اسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کروم بکس کی تقسیم قابلیت اور محنت کی بنیاد پر کی جائے گی۔ ان آلات کے ذریعے طلبہ گھر بیٹھے آن لائن تعلیم جاری رکھ سکیں گے، ای لائبریریوں سے استفادہ کرسکیں گے اور دنیا بھر سے تعلیمی مواد تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔

شہباز شریف نے منصوبے کے لیے عطیہ دینے پر ٹوکیو کیئر فاؤنڈیشن کے بانی راشد منہاس کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں مسلم لیگ ن نے نواز شریف کی قیادت میں میرٹ اور محنت کی بنیاد پر ملک بھر میں 6 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے تھے۔ اس پروگرام میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے طلبہ شامل تھے۔

انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل اسلام آباد میں دانش اسکول کا افتتاح کیا گیا، جبکہ ملک بھر میں اس وقت 27 دانش اسکول زیر تعمیر ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق ان اسکولوں میں معیاری تعلیم، بہترین اساتذہ، اسمارٹ بورڈز اور ای لائبریریوں جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت تعلیم کا معیار بہتر بنانے اور طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق کروم بکس اسکیم کا مقصد باصلاحیت طلبہ کو تعلیمی مواقع فراہم کرنا اور جدید ذرائع سے سیکھنے میں ان کی مدد کرنا ہے۔