سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ساران تنگی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں اور آپریشن شعبان 2 آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں 6 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن شعبان 2 جاری رہے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے امن، سلامتی اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی جب کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
مزید پڑھیں: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ
محسن نقوی نے 6 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے کارروائی کرکے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔







