سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج (فتنہ الہندوستان) کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بسیمہ کیمپ سے 12 کلومیٹر دور کلی زائیک اور کاغلی کے درمیان انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 دہشتگرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ایک دہشتگرد کی شناخت مشتاق احمد عرف کوہ یار کے نام سے ہوئی ہے۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں ایمونیشن، دستی بم اور آئی ای ڈی بنانے کا سامان بھی برآمد کرلیا۔
سیکیورٹی حکام نے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔







