پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پولیس کے ہمراہ گزشتہ چند روز کے دوران دونوں صوبوں میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔ یہ کارروائیاں بھارتی حمایت یافتہ پراکسیز، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف جاری انسداد دہشت گردی مہم کے تحت کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر میں کیے گئے مختلف آپریشنز کے دوران 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈی ڈیٹونیٹنگ ریموٹ، اسلحہ، گولہ بارود اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرکے تباہ کردی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف مستونگ، ماشکیل، خضدار اور پنجگور کے اضلاع میں 10 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے 37 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
بلوچستان میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران بھی بڑی مقدار میں اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات برآمد کرکے تباہ کیے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی پراکسیز، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حالیہ کارروائیوں میں دہشت گرد نیٹ ورکس کو کاری ضربیں لگائی گئی ہیں، جب کہ ملک میں امن و استحکام کے لیے کارروائیاں مزید جاری رکھی جائیں گی۔
ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر ثابت قدم ہیں اور بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز بھی جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم برقرار ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق عزمِ استحکام کے وژن کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی اور دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔







