ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ گزشتہ روز سنانواں کے قریب پیش آیا، جہاں ایک ہی خاندان کے دو درجن سے زائد افراد کو لے جانے والا لوڈر رکشہ بے قابو ہوکر نہر میں جاگرا

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کردی گئی

امدادی ٹیموں نے کارروائی کے دوران 11 افراد کو نہر سے زندہ نکال لیا، جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد متعدد افراد لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ لاپتہ افراد میں 3 سے 14 سال کی عمر کے 8 بچے بھی شامل ہیں

حکام کا کہنا ہے کہ نہر میں پانی کا بہاؤ اور گہرائی امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیدا کر رہی ہے، تاہم ریسکیو اہلکار غوطہ خوروں اور دیگر دستیاب وسائل کی مدد سے لاپتہ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں

ریسکیو 1122، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں مشترکہ طور پر سرچ آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ جائے حادثہ کے اطراف تقریباً 20 کلومیٹر کے علاقے کو سرچ آپریشن کے لیے کور کیا گیا ہے

ریسکیو حکام کے مطابق نہر کے مختلف حصوں میں سرچ آپریشن کو مزید وسعت دی گئی ہے تاکہ لاپتہ افراد کا سراغ لگایا جاسکے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران برآمد ہونے والی لاشوں اور زندہ بچ جانے والے افراد کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

حادثے کے باعث علاقے میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔