پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ بازار ذخہ خیل کی حدود میں واقع علاقے قاضیانو کلے میں پیش آیا، جہاں ایک ہی خاندان کے سات بچے اچانک بے ہوش ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کو طبی امداد کے لیے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں پانچ بچے دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے پانچوں بچوں کی عمریں پانچ سال سے کم تھیں، جن میں تین بچیاں اور دو کمسن لڑکے شامل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا اور زیر علاج دونوں بچوں کی عیادت کی۔
اس موقع پر انہوں نے بچوں کی صحت اور علاج معالجے سے متعلق معلومات بھی حاصل کیں۔
طبی ماہرین کے مطابق بچوں کے ابتدائی ٹیسٹوں میں کیلشیم، میگنیشیم اور پی ٹی، آئی این آر کے نتائج معمول کے مطابق پائے گئے۔ فراہم کردہ طبی معلومات کے مطابق بچوں کا ہیموگلوبن 11.7 اور پلیٹ لیٹس 634 ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
ڈاکٹروں نے مزید تشخیص کے لیے بلڈ کلچر اور سی ٹی اسکین تجویز کیے ہیں، جب کہ بیماری کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے مزید طبی ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔
پولیس کے مطابق بچوں کی اموات کی فوری وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں، جب کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں طبی ماہرین معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔







