مرکزی ترجمان فیصل ندیم نے رہنماؤں کے ہمراہ اعلان کیا کہ ہم نتائج کو مسترد کرتے ہیں، این اے 77 کی سیٹ ہم جیت چکے، ن لیگ دھاندلی لیگ ہے جو ہمیشہ الیکشن مینج کرتی ہے، ہم خاموش نہیں رہیں گے بلکہ تمام فورمز پر جائیں گے اور اپنا حق لے کر رہیں گے۔

عظمیٰ بخاری نے مرکزی مسلم لیگ بارے الزام لگا کر جو ویڈیو شئیئر کی وہ مرکزی مسلم لیگ کا کارکن نہیں بلکہ پریذائڈنگ افسرہےعظمیٰ بخاری اپنی ٹیم بدلیں، وزیراعلیٰ پنجاب قانون کی عملداری پر یقین رکھتی ہیں یہ بتائیں این اے 77 میں اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کے حوالہ سے قانون کی عملداری کہاں تھی۔،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں امیدوار حلقہ این اے 77 قاضی ابراہیم گجر،ڈپٹی سیکرٹری جنرل خالد نیک گجر،صدر مسلم یوتھ لیگ تابش قیوم،صدر مرکزی مسلم لیگ پنجاب ڈاکٹر مذمل اقبال ہاشمی،انجینئر حارث ڈار و دیگر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے انتخابی دھاندلی کے تمام ویڈیو ثبوت میڈیا کے سامنے پیش کیے گئے۔

ترجمان مرکزی مسلم لیگ فیصل ندیم کا مزید کہنا تھا کہ ابتدا میں ن لیگ کو خیال تھا کہ شاید حلقے میں آنے کی ضرورت نہ پڑے کیونکہ وہ پانچ بار الیکشن جیت چکے تھے،لیکن ہر گزرتے دن کے ساتھ انکے خیالات بدلتے چلے گئے، حلقے میں جس طرح سے ابراہیم گجر اور جماعت نے انتخابی مہم کو منظم کیا دوسری جانب سے بھی ہونا چاہئے تھا، ووٹ کو عزت دینے کی بجائے ووٹ کو جتنا بے عزت ن لیگ نے کیا اتنا کسی اور نے نہیں کیا۔

فیصل ندیم کا مزید کہناتھا کہ ہزاروں بیلٹ پیپرز غائب کئے گئے،ہمارے پاس اس کے شواہد موجود ہیں، جب انتخابی عملے سے سوال کیا گیا کہ آپ کے پاس جو فہرست ہے اسکے مطابق بیلٹ پیپر کی اتنی بکس ہونی چاہئے تھی، باقی پانچ بکس کہاں ہیں، یہ سوال بنتا تھا جو ہم نے کیا،283 پولنگ اسٹیشن کے نتائج ہمارے پاس ہمارے ووٹ 25 ہزار 377 تھے راشد بشیر کے 24 ہزار تھے، ہمارے امیدوار نے لیڈ لی ہوئی تھی،ہم نے نشاندہی کی، بار بار الیکشن کمیشن سے رجوع کیا کہ دھاندلی کا اتنا بڑا واقعہ ہوا، یہ اپنے یوم گراؤنڈ سے ہارے،دوردراز اسٹیشن سے جا کر انہوں نے جیتنا شروع کر دیا۔

ترجمان مرکزی مسلم لیگ فیصل ندیم کا مزید کہنا تھا کہ انتخابی عملے کی جانب سے بھی مسلسل بے ضابطگیاں کی جاتی رہی ہیں، سیاسی جماعتوں کے ورکرز،کارکنان انتخابی عملے میں موجود ہوتے ہیں اور وہ اندر بیٹھ کر دھاندلی کرتے ہیں، ووٹ ڈالنا ہے تو لازمی طور پر انگوٹھا لگتا ہے۔ 

 پریزائڈنگ افسران نے انگوٹھے نہیں لگوائے، ہمارے پاس ویڈیو ثبوت موجود ہیں۔ گلگت اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ مدمقابل تھے لیکن  ویسے یہ آپس کے اتحادی ہیں، بلاول،شرجیل میمن، ناصر شاہ و دیگر نے مسلسل فارم 47 کی حکومت کہا، اب اس پر بات ہونی چاہئے۔

ابھی ووٹنگ مکمل نہیں ہوئی تھی فارم 45 پر ووٹ کا وقت ختم ہونے سے قبل ہی دستخط کروا لئے گئے تھے،الیکشن ڈے پر سب سے اہم ترین آدمی امیدوار ہے،اگر امیدوار کسی بھی جگہ جا کر ووٹنگ کے عمل کو جانچنا چاہے اور اسے روکا جائے تو کیا اسکی گنجائش موجود ہے، ہمارے امیدوار کو جبری طور پر روکنے کی کوشش کی گئی۔

 انہوں نے بیلٹ پیپرز غائب کئے، اور دھاندلی کی ، ان پولنگ اسٹیشن کے ووٹ ری چیک ہونے چاہئے، جو ملوث ہے انکے خلاف تادیبی کاروائی ہونی چاہئے، ہم نے سیٹ چھوڑنی نہیں یہ سیٹ ابراہیم گجر،مرکزی مسلم لیگ نے جیتی، ہم ہر فورم پر جائیں گے،عدالتوں میں جائیںگے، عوام میں جائیں گے،اور اپنا حق لیں گے