ایک طرف کراچی ہے، جو پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور معاشی مرکز ہے، جبکہ دوسری جانب امریکہ کا سب سے نمایاں شہر نیویارک، جو عالمی مالیاتی نظام کا ایک اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آبادی کے اعتبار سے کراچی نیویارک سے کہیں بڑا ہے، مگر شہری انتظام، بجٹ، پولیس، بلدیاتی اختیارات اور عوامی سہولیات کے حوالے سے دونوں شہروں کے درمیان نمایاں فرق موجود ہے۔
کراچی کی آبادی نیویارک سے تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق کراچی کی آبادی دو کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ نیویارک سٹی میں تقریباً 84 لاکھ افراد رہتے ہیں۔
یعنی جس شہر میں آبادی کا دباؤ زیادہ ہے، اسی شہر کو بنیادی شہری خدمات کی فراہمی کے لیے نسبتاً محدود وسائل اور اختیارات میسر ہیں۔
پولیس کا نظام: نیورک پولیس میئر کے ماتحت جبکہ کراچی پولیس سندھ حکومت
نیویارک سٹی کے پاس اپنی باقاعدہ شہری پولیس فورس، NYPD، موجود ہے، جس میں تقریباً 34 ہزار اہلکار خدمات انجام دیتے ہیں۔ اوسطاً ایک پولیس اہلکار تقریباً 247 شہریوں کے لیے دستیاب ہے۔ یہ فورس براہِ راست شہر کی حکومت اور میئر کے ماتحت کام کرتی ہے، جس کے باعث امن و امان سے متعلق فیصلوں میں مقامی حکومت کا کردار نمایاں رہتا ہے۔
اس کے برعکس کراچی کی بلدیاتی حکومت کے پاس اپنی کوئی شہری پولیس فورس موجود نہیں۔ کراچی پولیس سندھ حکومت کے ماتحت کام کرتی ہے، اس لیے شہر کے منتخب میئر کے پاس پولیسنگ کے معاملات پر براہِ راست اختیار نہیں ہوتا۔
اختیارات کی تقسیم: کراچی کا میئر کیوں محدود ہے؟
نیویارک میں منتخب میئر شہر کے انتظامی ڈھانچے کا مرکزی کردار ہوتا ہے۔ تعلیم، پولیس، فائر بریگیڈ، صفائی، صحت، رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر شہری خدمات براہِ راست اس کے دائرۂ اختیار میں آتی ہیں۔
اس کے برعکس کراچی میں بلدیاتی اختیارات مختلف اداروں میں تقسیم ہیں۔
خود کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب متعدد مواقع پر کہہ چکے ہیں کہ ان کا انتظامی کنٹرول شہر کے صرف 27.4 فیصد رقبے تک محدود ہے۔
شہر کے مختلف معاملات کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC)، سندھ حکومت، مختلف ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، واٹر اینڈ سیوریج کے اداروں اور کینٹونمنٹ بورڈز کے درمیان تقسیم ہیں، جس کے باعث شہری مسائل کے حل میں اختیارات کا بکھراؤ ایک مستقل چیلنج سمجھا جاتا ہے۔
جرائم کا تقابل کیا بتاتا ہے؟
جرائم کے اعداد و شمار بھی دونوں شہروں کی صورتحال کو مختلف زاویے سے پیش کرتے ہیں۔
نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 2025 کے دوران نیویارک میں مجموعی سنگین جرائم کی شرح میں تقریباً تین فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ قتل کے واقعات میں 20 فیصد سے زیادہ کمی آئی۔ اس کے نتیجے میں شہر میں قتل کی شرح 1994 کے بعد اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔
دوسری جانب کراچی پولیس آفس کے اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے دوران شہر میں 64 ہزار 323 اسٹریٹ کرائمز رپورٹ ہوئے، جن میں موبائل فون، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چھیننے اور چوری کی وارداتیں نمایاں رہیں۔
اگرچہ دونوں شہروں کے جرائم کے اعداد و شمار کا براہِ راست تقابل مختلف قانونی نظام، رپورٹنگ کے طریقہ کار اور جرائم کی تعریف میں فرق کی وجہ سے احتیاط کا متقاضی ہے، تاہم یہ اعداد و شمار شہری سلامتی کے مختلف چیلنجز کی نشاندہی ضرور کرتے ہیں۔
بجٹ میں زمین آسمان کا فرق:
دونوں شہروں کے مالی وسائل کا موازنہ بھی خاصا مختلف منظر پیش کرتا ہے۔
نیویارک سٹی کا سالانہ بجٹ 100 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، جس کے ذریعے ٹرانسپورٹ، تعلیم، پولیس، صحت، صفائی، رہائش اور دیگر شہری خدمات چلائی جاتی ہیں۔
اس کے مقابلے میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کا مالی سال 2025-26 کا بجٹ تقریباً 55 ارب روپے رکھا گیا، جو شہر کی آبادی اور بنیادی ضروریات کے تناظر میں محدود تصور کیا جاتا ہے۔
اصل فرق آبادی نہیں، اختیارات ہیں:
کراچی اور نیویارک کا موازنہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ کسی شہر کی کامیابی صرف اس کی آبادی یا معاشی اہمیت سے وابستہ نہیں ہوتی، بلکہ اس بات سے بھی جڑی ہوتی ہے کہ مقامی حکومت کے پاس فیصلے کرنے، وسائل خرچ کرنے اور شہری خدمات فراہم کرنے کے کتنے اختیارات موجود ہیں۔
پاکستان کے آئین کا آرٹیکل 140-A مقامی حکومتوں کو اختیارات کی منتقلی پر زور دیتا ہے، تاہم کراچی میں اختیارات مختلف اداروں میں تقسیم ہونے کے باعث بلدیاتی نظام کی مؤثریت پر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔
اسی لیے شہری منصوبہ بندی کے ماہرین کا مؤقف ہے کہ جب تک کراچی جیسے میگا سٹی میں بااختیار اور مربوط بلدیاتی نظام قائم نہیں ہوتا، شہر کو درپیش بنیادی مسائل،جیسے ٹرانسپورٹ، صفائی، پانی، تجاوزات، شہری منصوبہ بندی اور امن و امان کا دیرپا حل تلاش کرنا آسان نہیں ہوگا۔







