آٹو شو میں آٹو موبائل انڈسٹری سے وابستہ بڑی تعداد میں کمپنیوں، صنعتکاروں اور کاروباری نمائندوں نے شرکت کی، جبکہ نمائش کے ذریعے پاکستان کی آٹو موٹیو صنعت میں موجود صلاحیت، مقامی پیداوار اور جدید ٹیکنالوجی کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 میں مجموعی طور پر 150 نمائش کنندگان شریک ہیں، جن میں 44 بین الاقوامی جبکہ 43 مقامی نمائش کنندگان بھی شامل ہیں۔ مختلف کمپنیوں نے اپنی نئی مصنوعات، گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور آٹو موبائل سے متعلق جدید ٹیکنالوجی کے ماڈلز نمائش کے لیے پیش کیے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آٹو شو کے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور وہاں رکھی گئی جدید گاڑیوں، الیکٹرک گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دیگر مصنوعات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نمائش میں پیش کی جانے والی نئی ٹیکنالوجی اور مقامی سطح پر تیار کی جانے والی مصنوعات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔

مریم نواز نے الیکٹرک ایمبولینس کا بھی جائزہ لیا اور اس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے مختلف ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندوں اور ماہرین سے ملاقات کی، جن میں ہونڈا، سوزوکی سمیت دیگر کمپنیوں کے ماہرین بھی شامل تھے۔ وزیراعلیٰ نے کمپنیوں کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی مصنوعات اور جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں بریفنگ لی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے نمائش میں پیش کی گئی ’میڈ اِن پاکستان‘ مصنوعات کے معیار کو سراہتے ہوئے مقامی صنعت کی ترقی اور ملکی سطح پر جدید مصنوعات کی تیاری کی اہمیت پر زور دیا۔

آٹو شو کے دوران ٹریکٹر ساز کمپنیوں کے نمائندوں نے پنجاب حکومت کی گرین ٹریکٹر اسکیم کو سراہا، جبکہ الیکٹرک وہیکل انڈسٹری سے وابستہ نمائندوں نے گرین ٹیکسی اور گرین بائیک اسکیموں کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مریم نواز شریف نے آٹو موبائل انڈسٹری سے وابستہ صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے قومی معیشت میں آٹو موٹیو سیکٹر کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے صنعتکاروں کی خدمات کو سراہا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آٹو موٹیو صنعت صنعتی ترقی، سرمایہ کاری، برآمدات اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، پنجاب حکومت مقامی پیداوار میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور صنعتی شعبے میں جدت لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث الیکٹرک اور ماحول دوست گاڑیوں کی صنعت میں بھی نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔ مقامی سطح پر الیکٹرک گاڑیوں اور متعلقہ مصنوعات کی تیاری سے نہ صرف نئی سرمایہ کاری کو فروغ مل سکتا ہے بلکہ روزگار کے مواقع بھی بڑھ سکتے ہیں۔

مریم نواز کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کے درمیان کاروباری روابط بڑھانے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوسکتا ہے

آٹو شو میں جدید گاڑیوں اور الیکٹرک وہیکلز کے ساتھ مقامی طور پر تیار کیے جانے والے آٹو پارٹس بھی نمائش کے لیے پیش کیے گئے ہیں، جس سے پاکستان کی مقامی آٹو پارٹس انڈسٹری کی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے

تین روزہ نمائش کے دوران صنعت سے وابستہ کمپنیوں، سرمایہ کاروں، ماہرین اور کاروباری افراد کو ایک دوسرے کے ساتھ روابط بڑھانے اور نئی شراکت داری کے امکانات تلاش کرنے کا موقع ملے گا۔

پنجاب حکومت کے مطابق آٹو موبائل سیکٹر میں مقامی پیداوار، جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے فروغ سے صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے مزید مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔