بلاول بھٹو نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں کے حوالے سے پیپلزپارٹی کا واضح مؤقف ہے، سسٹم اگر فیل ہوا ہے تو قومی اسمبلی میں باقاعدہ بحث ہونی چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل کوئی ایک سیاسی جماعت نہیں نکال سکتی، پاکستان کے تمام مسائل کا حل جمہوریت میں ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کو حق ہے کہ وہ اپنی رائے دیں، میرا مطالبہ ہے کہ اس ایشو پر قومی اسمبلی میں بحث ہو، محسن نقوی پارلیمان میں کم آتے ہیں، بزنس فورم کے بجائے محسن نقوی کو پارلیمان میں آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سسٹم کیوں فیل ہوگیا ہے؟، حل کیا ہے؟، اس پر قومی اسمبلی میں بحث ہونی چاہیے، یہ نہیں ہوسکتا کہ ملک کی قسمت چند بزنس مین دیکھ رہے ہوں،  تمام سیاسی جماعتوں کو قومی و عوامی معاملات پر انگیج ہونا چاہیے۔سسٹم میں جو مسائل ہیں ان پر کھل کر بحث ہونی چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آزادکشمیر انتخابات پر میرے تحفظات ہیں،  پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ انتخابی اصلاحات پر پارلیمان کی کمیٹی بنائی جائے، ماضی میں جو ہوا وہ ہوا، آنے والے الیکشن صاف شفاف ہوں۔