اجلاس کی قیادت سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید وقاص جعفری نے کی، جب کہ چیئرمین الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ اعجاز اللہ خان، صدر الخدمت وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی، سی ای او الخدمت خبیب بلال، جنرل مینیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی اور ملک بھر سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ذمہ داران نے شرکت کی۔
اجلاس میں تمام ڈیزاسٹر رسپانس سینٹرز، امدادی سامان، رضاکار ٹیموں اور ریسکیو وسائل کو مکمل طور پر تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور شمالی پنجاب کے ذمہ داران نے اپنے علاقوں کی صورتحال اور تیاریوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ الخدمت کے رضاکار اور ریسکیو ٹیمیں کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
سید وقاص جعفری نے کہا کہ مؤثر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا تقاضا آفت آنے کے بعد ردعمل دینے کے بجائے اس سے پہلے مکمل تیاری، منصوبہ بندی اور بروقت اقدامات کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال کسی بڑے پیمانے کی آفت کی اطلاع نہیں، تاہم موسمی پیشگوئیوں کے پیش نظر تمام ریجنز کو الرٹ رہنا ہوگا۔
سیکرٹری جنرل الخدمت نے ہدایت کی کہ ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں کے ساتھ ان سے منسلک قریبی علاقوں کو بھی تیار رکھا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال میں وہاں سے بیک اپ سپورٹ فراہم کی جاسکے۔
انہوں نے تمام ریجنز کو ڈیزاسٹر رسپانس سینٹرز اور امدادی سامان کی انوینٹری کا فوری جائزہ لینے اور ضروری ریسکیو و امدادی سامان مکمل اور قابلِ استعمال حالت میں رکھنے کی ہدایت کی۔
سید وقاص جعفری نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں تنگ گلیوں اور زیرِ آب علاقوں کے لیے کشتیوں، حفاظتی جیکٹس اور تربیت یافتہ رضاکاروں کی پیشگی دستیابی ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: ’رسموں سے رشتوں تک‘، الخدمت نے 60 جوڑوں کی شادی کروا دی
انہوں نے رضاکاروں کی فہرستیں اپ ڈیٹ رکھنے، اچانک ماک ڈرلز کرانے اور مختلف ریجنز کے درمیان وسائل کے بروقت تبادلے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ پیشگی رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
سید وقاص جعفری کا کہنا تھا کہ الخدمت اپنے وسیع رضاکارانہ نیٹ ورک، ڈیزاسٹر رسپانس سینٹرز اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں بروقت اور منظم امدادی کارروائیوں کے لیے مکمل تیار ہے۔







