تقریب میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق، نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان صائمہ شبیر، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین سمیعہ راحیل قاضی، ثمینہ سعید، الخدمت خواتین ٹرسٹ لاہور کی نائب صدر صبا ثاقب اور سینئر منیجر میڈیا ریلیشنز الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان شعیب ہاشمی سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔
اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین پر مشتمل پینل نے "رسموں سے رشتوں تک" کے موضوع پر گفتگو کی۔ مقررین نے شادی بیاہ میں غیر ضروری رسومات اور نمود و نمائش کے بجائے سادگی اور آسان نکاح کو فروغ دینے پر زور دیا۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ مستحق بچیوں کی شادی میں معاونت الخدمت کی سماجی خدمت کا اہم حصہ ہے۔ ان کے مطابق ایک بیٹی کی شادی ہر والدین کی بڑی خواہش اور خوشی ہوتی ہے، تاہم محدود مالی وسائل رکھنے والے خاندانوں کے لیے شادی کے اخراجات پورے کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت ایسے خاندانوں کا مالی بوجھ کم کرنے اور بچیوں کی باعزت رخصتی میں معاونت کر رہی ہے۔ ان کے بقول مایوس اور دل گرفتہ افراد کے لیے امید پیدا کرنا الخدمت کے مشن کا حصہ ہے اور یہ خدمت کسی ایک علاقے یا طبقے تک محدود نہیں۔
صائمہ شبیر نے بتایا کہ شادی گفٹ باکس کا مقصد مستحق بچیوں کو نئی ازدواجی زندگی شروع کرنے کے لیے بنیادی ضروریات فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ پانچ برس کے دوران الخدمت 16 ہزار 700 شادی گفٹ باکس تقسیم کرچکی ہے، جن پر ایک ارب دو کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شادی گفٹ باکس صرف گھریلو سامان کی فراہمی نہیں بلکہ مستحق خاندانوں کے ساتھ اخوت، محبت اور معاشرتی تعاون کا اظہار بھی ہے۔ صاحبِ استطاعت افراد کو چاہیے کہ وہ ضرورت مند خاندانوں کی خوشیوں میں شریک ہوں اور شادی بیاہ کو غیر ضروری اخراجات اور رسم و رواج کے بجائے سادگی اور آسانی سے جوڑیں۔
الخدمت خواتین ٹرسٹ لاہور کی نائب صدر صبا ثاقب نے کہا کہ ادارے کی کوشش ہے کہ مستحق بچیوں کو صرف شادی کے موقع پر سامان فراہم نہ کیا جائے بلکہ ان کے خاندانوں کو یہ احساس بھی دلایا جائے کہ معاشرہ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے بیٹی کی شادی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے، اس لیے اجتماعی تعاون کی ضرورت پہلے سے زیادہ ہے۔ ان کے مطابق الخدمت خواتین ٹرسٹ مستحق خاندانوں تک پہنچنے اور ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اپنی سماجی خدمات کا دائرہ وسیع کر رہا ہے۔
مقررین نے کہا کہ 60 مستحق بچیوں کی شادی کا یہ پروگرام 60 خاندانوں کی خوشیوں میں شریک ہونے کے ساتھ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری کی بھی یاد دہانی ہے کہ کمزور اور ضرورت مند طبقات کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔
تقریب کے اختتام پر الخدمت کے ذمہ داران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستحق بچیوں کی شادی، آسان نکاح اور ضرورت مند خاندانوں کی معاونت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔







