سفارتی ذرائع کے مطابق یہ دورہ کئی حوالوں سے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ تقریباً 19 سال کے طویل وقفے کے بعد کسی امریکی نائب صدر نے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ اس سے قبل سنہ 2007 میں اُس وقت کے امریکی نائب صدر ڈک چینی پاکستان آئے تھے۔

اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے ان اہم مذاکرات میں امریکا کی نمائندگی جے ڈی وینس کر رہے ہیں، جبکہ ان کے ہمراہ مشرقِ وسطیٰ کے لیے امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور سابق امریکی صدر کے داماد و مشیر جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں۔ وفد کی موجودگی کو خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان مذاکرات میں ایران کے ساتھ تعلقات، خطے کی سیکیورٹی صورتحال، اور خاص طور پر آبنائے ہرمز سمیت اہم جغرافیائی و تجارتی راستوں پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔ پاکستان اس موقع پر ایک اہم ثالثی کردار ادا کر رہا ہے اور عالمی سطح پر امن کے فروغ کے لیے اپنی سفارتی کوششیں تیز کر چکا ہے۔

حکام کے مطابق یہ مذاکرات نہ صرف امریکا اور ایران کے تعلقات میں بہتری کے امکانات پیدا کر سکتے ہیں بلکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور عالمی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرنے کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد مذاکرات، بین الاقوامی میڈیا نمائندگان کے لیے باضابطہ گائیڈ لائنز کیا ہیں؟

سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دورے کو پاکستان کے لیے ایک بڑی سفارتی کامیابی بھی قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اسلام آباد ایک بار پھر عالمی سطح کے اہم مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے۔ عالمی برادری کی نظریں اس وقت پاکستان پر مرکوز ہیں، جہاں ہونے والی یہ پیش رفت مستقبل کے علاقائی امن کے لیے نہایت اہم سمجھی جا رہی ہے۔