وزیراعظم ترلائی میں امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ پہنچے، جہاں انہوں نے شہدا کے لواحقین اور متاثرین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اسلام آباد کے علاقے ترلائی کی خدیجۃ الکبریٰ امام بارگاہ آمد
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) February 11, 2026
وزیراعظم کا شہید عون عباس کی بے مثال شجاعت کے اعتراف میں ان کے اہل خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے کا اعلان۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم 6 فروری کے دہشت گردی کے مذموم، مکروہ اور انتہائی… pic.twitter.com/XnjofMkAw3
وزیراعظم نے خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش میں شہید ہونے والے عون عباس کے اہل خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا اور کہا کہ شہید کو 14 اگست کے موقع پر بعد از شہادت اعزاز سے نوازا جائے گا۔
انہوں نے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے دیگر افراد کے اہل خانہ کے لیے فی کس 50 لاکھ روپے، جب کہ زخمیوں کے لیے فی کس 30 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے شہدا کے بیٹوں اور بیٹیوں کو سرکاری ملازمتیں دینے کا بھی اعلان کیا۔
شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعے پر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔ مسلمانوں میں تفریق پیدا کرنے کی ناپاک سازش مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ تمام مکاتب فکر کے علما نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان، پولیس اور دیگر سکیورٹی ادارے روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہے ہیں اور ہمارے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
"ہماری سیکیورٹی فورسز، پولیس، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور بالخصوص افواجِ پاکستان ہر روز دہشت گردوں کے خلاف برسرِ پیکار ہیں۔ چاہے وہ ٹی ٹی پی ہو یا بلوچستان میں سرگرم عناصر، ہمارے جوان ان کا تعاقب کر کے انہیں انجام تک پہنچا رہے ہیں۔ ہم ان افسران اور جوانوں کے مقروض ہیں جو اپنے… pic.twitter.com/0vRH495UFG
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) February 11, 2026
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان لوگوں کے قرض دار ہیں جو اپنے خون سے پاکستان کا دفاع کر رہے ہیں۔ دہشت گردی کے اس افسوسناک واقعے نے پوری قوم کو یکجا کر دیا ہے۔ دہشت گردوں کا کوئی دین اور مذہب نہیں ہوتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اس سانحے پر سوگوار ہے اور نوجوان عون عباس کی قربانی کو سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ حکومت شہدا کے لواحقین کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کرے اس ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو۔ ازلی دشمن کو شکست دینے کے لیے قوم قربانیاں دے رہی ہے اور ہماری افواج ہر روز دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں۔






