گوگل کی جانب سے اہم قومی دنوں، شخصیات کی سالگرہ اور تاریخی مواقع پر خصوصی ڈوڈل پیش کیے جاتے ہیں، اسی روایت کے تحت پاکستان کے یومِ آزادی پر بھی گوگل کا لوگو تبدیل کیا گیا ہے۔

یومِ آزادی کے موقع پر گوگل کے خصوصی ڈوڈل میں سبز ہلالی پرچم لہراتا ہوا دکھایا گیا ہے، جبکہ پس منظر میں بادلوں کے ساتھ گوگل کے حروف کو خوبصورت انداز میں شامل کیا گیا ہے۔

گوگل کھولنے والے صارفین کو یہ خصوصی ڈوڈل مرکزی صفحے پر نظر آ رہا ہے، جس پر کلک کرنے سے پاکستان کے یومِ آزادی سے متعلق مزید معلومات بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ گوگل اس سے قبل بھی پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے ڈوڈل میں تبدیلی کرتا رہا ہے۔

گوگل کی جانب سے ماضی میں پاکستان کے تاریخی مقامات اور اہم شخصیات کو بھی خصوصی ڈوڈلز کا حصہ بنایا جا چکا ہے۔