سعودی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس دستے میں پاکستان ایئر فورس کے لڑاکا اور معاون طیارے شامل ہیں، جن کی تعیناتی کا مقصد علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

خیال رہے کہ یہ اہم پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسلام آباد میں پاکستان کی میزبانی میں امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات جاری ہیں، جن میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور جنگ بندی جیسے معاملات زیر بحث ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایران کی جانب سے پیش کیے گئے نکات میں خلیجی خطے سے امریکی افواج کے انخلا کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران ایران نے خلیجی ممالک میں موجود بعض فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعلقات کی ایک طویل تاریخ موجود ہے۔ دونوں ممالک نے ستمبر 2025 میں ایک باضابطہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں کے خلاف تصور کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: امریکا نے اپریل میں ایران کے ساتھ جنگ ​​میں 8 ریپر ڈرون کھوئے: رپورٹ

دفاعی تعاون کے ساتھ ساتھ دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی روابط بھی نہایت مضبوط ہیں، جہاں پاکستان سعودی عرب کو عسکری تربیت اور مشاورتی خدمات فراہم کرتا رہا ہے، جبکہ سعودی عرب نے مشکل معاشی حالات میں پاکستان کی مالی معاونت بھی کی ہے۔

ماہرین کے مطابق موجودہ علاقائی صورتحال میں یہ تعیناتی نہ صرف اسٹریٹیجک اہمیت رکھتی ہے بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی اشتراک کی بھی عکاسی کرتی ہے۔