اسلام آباد میں پاکستان انرجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ ان پر تنقید کی جاتی ہے کہ وہ روزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تبدیل کرتے ہیں، تاہم حقیقت یہ ہے کہ عالمی مارکیٹ میں فیول کی قیمتیں مسلسل تبدیل ہوتی رہتی ہیں اور حکومت کو اسی صورتحال کے مطابق اقدامات کرنا پڑتے ہیں۔

وزیر پیٹرولیم نے واضح کیا کہ ’’میں قیمتیں نہیں بدلتا، عالمی مارکیٹ میں فیول کی قیمتیں بدلتی ہیں، میں صرف عملدرآمد کرتا ہوں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا براہ راست اثر مقامی مارکیٹ پر پڑتا ہے۔ حکومت کو عالمی قیمتوں، درآمدی لاگت اور دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت نے گزشتہ روز ڈیزل کی قیمتوں کی مد میں عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے، حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں ریفائنری نے بھی معاملات میں تعاون کیا، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت میں کمی ممکن ہوئی

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت ملک کے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے اور ریفائنری اپ گریڈیشن کے حوالے سے جلد معاہدہ ہونے کی توقع ہے۔ ریفائنریوں کی استعداد اور کارکردگی بہتر بنانے سے مستقبل میں ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد مل سکتی ہے

انہوں نے بتایا کہ تقریباً دو دہائیوں بعد پاکستان کے سمندری علاقوں میں تیل اور گیس کی تلاش کے حوالے سے دوبارہ کام شروع کیا گیا ہے۔ حکومت توانائی کے مقامی وسائل تلاش کرنے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے

علی پرویز ملک نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں حکومتی پالیسی کا مقصد ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ شعبے کے مالی مسائل کو بھی قابو میں رکھنا ہے

وزیر پیٹرولیم کے مطابق گیس کی قیمت میں اضافہ کیے بغیر بھی پاور سیکٹر کی طلب میں کمی کے باوجود گردشی قرضے کو بڑھنے سے روکا گیا ہے۔ انہوں نے اسے توانائی کے شعبے میں حکومتی اقدامات کا اہم نتیجہ قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کی روشنی میں توانائی کے شعبے میں ضروری اقدامات کررہی ہے اور پالیسی فیصلوں میں ملکی معاشی صورتحال اور توانائی کے شعبے کی ضروریات کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔

وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے، مقامی وسائل کی تلاش تیز کی جائے اور ریفائنری کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں تبدیلی ایک مسلسل عمل ہے، اس لیے مقامی سطح پر بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ کی صورتحال کے مطابق کرنا پڑتا ہے۔