سرکاری خبررساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے جامعہ اشرفیہ لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مولانا فضل الرحیم کی وفات پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ قانون نافذ کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ احتجاج سے نمٹنے کا تجربہ موجود ہے اور اگر ایسی صورتحال پیدا ہوئی تو مناسب کارروائی کی جائے گی، مذاکرات جن کا کام ہے، وہی کریں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے پوچھا جائے کہ انہوں نے اپنے افسران کی حفاظت کے لیے کیا اقدامات کیے اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے تحریک تحفظ آئین پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹانگے کی سواری ہے، اس سے زیادہ کچھ نہیں کہنا چاہتا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت محفوظ ہاتھوں میں ہے، میکرو اکنامک اشاریے بہتر ہو رہے ہیں اور عالمی مالیاتی ادارے پاکستانی معیشت کے معترف ہیں۔ انہوں نے مولانا فضل الرحیم کی دینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور جامعہ اشرفیہ میں طلبہ کی دیکھ بھال کے لیے انہوں نے جدید نظام متعارف کرایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، اسٹاک مارکیٹ نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے اور صرف دسمبر میں اوورسیز پاکستانیوں نے 3.6 ارب ڈالر کی ترسیلات وطن بھجوائیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد اور پچھلے ماہ کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہیں۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے۔
لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی صاحب اور اپنے چچا ڈاکٹر عامر رفیق تارڑ صاحب کے ہمراہ جامعہ اشرفیہ حاضری دی اور شیخ الحدیث و مہتمم مولانا فضل الرحیم کے انتقال پر جامعہ کے اکابرین اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی۔ مولانا فضل الرحیم نے دینِ اسلام کی خدمت میں پوری زندگی وقف کی، اُن… pic.twitter.com/2SlbM2RzhB
— Attaullah Tarar (@TararAttaullah) January 10, 2026
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں سے مؤثر ٹیم ورک کے باعث معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے اور ملک میں مثبت معاشی فضا موجود ہے۔







