امریکی حکام کے مطابق حادثہ جمعرات کو مشی گن کے گرینڈ ٹریورس کاؤنٹی کے دیہی علاقے میں پیش آیا۔ طیارہ ٹیکساس ایئر نیشنل گارڈ کے 149ویں فائٹر ونگ سے وابستہ تھا اور معمول کی تربیتی مشق میں حصہ لے رہا تھا۔

حکام نے بتایا کہ پائلٹ نے طیارے سے کامیابی سے ایجیکٹ کیا اور اسے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ گرینڈ ٹریورس کاؤنٹی کے شیرف کے مطابق پائلٹ اسپتال میں ہوش میں تھا اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں سے بات کر رہا تھا۔ تاہم فوجی حکام نے پائلٹ کی شناخت یا ممکنہ چوٹوں کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔

حادثے کے بعد طیارے کے ملبے سے خطرناک کیمیکل کے اخراج کے خدشے کے باعث حکام نے جائے حادثہ کے ایک میل کے دائرے میں موجود گھروں اور کاروباری مراکز کو عارضی طور پر خالی کرا لیا۔

حکام نے بتایا کہ ایف 16 کے ایمرجنسی پاور یونٹ میں ہائیڈرازین نامی زہریلا کیمیکل استعمال ہوتا ہے، تاہم ریاستی پولیس نے خارج ہونے والے کیمیکل کی مخصوص نوعیت کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی۔

ابتدائی طور پر مقامی افراد کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم بعد میں حفاظتی اقدامات کے تحت ایک میل کے علاقے میں انخلا کا حکم دیا گیا۔ بعد ازاں اسی شام انخلا کا حکم واپس لے لیا گیا اور شہریوں کو گھروں کو واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔

حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔ فضائی ٹریفک کنٹرول سے سامنے آنے والی ابتدائی آڈیو میں ایک دوسرے پائلٹ نے خدشہ ظاہر کیا کہ گرنے والے طیارے سے ممکنہ طور پر پرندہ ٹکرایا تھا، تاہم فوجی حکام نے اس امکان کی باضابطہ تصدیق نہیں کی اور کہا ہے کہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔

حادثے کے بعد مشی گن میں تربیتی مشقوں میں شریک دیگر ایف 16 طیاروں کو بھی عارضی طور پر گراؤنڈ کردیا گیا۔ فوجی حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات اور طیارے کو پہنچنے والے نقصان سے متعلق مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔