ملاقات کے دوران سعودی عرب اور پاکستان کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے، سکیورٹی روابط میں وسعت لانے اور مختلف شعبوں میں باہمی اشتراک بڑھانے کے طریقہ کار پر بھی گفتگو کی گئی۔
بعد ازاں دونوں وزرائے داخلہ نے سائنسی، تربیتی اور تحقیقی شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ معاہدے کا مقصد دونوں وزارتوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مہارت، تجربات اور معلومات کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ قیادت کی ہدایات کی روشنی میں پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی گئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور مضبوط تزویراتی شراکت داری کا مظہر ہیں۔
اس موقع پر سعودی نائب وزیر داخلہ شہزادہ ڈاکٹر عبدالعزیز بن محمد بن عیاف، وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق بھی موجود تھے۔






