اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں پاکستان ٹورازم، سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول کے تحت نیزہ بازی (ٹینٹ پیگنگ) کے مقابلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ٹینٹ پیگنگ پاکستان کا روایتی کھیل اور ثقافتی تشخص کا اہم حصہ ہے۔ ایسے مقابلوں سے نوجوان نسل کو اپنی ثقافت سے جوڑنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فیسٹیول کے ذریعے اسلام آباد اور گردونواح کے شہریوں کو صحت مند اور تفریحی سرگرمیوں میں شرکت کا موقع مل رہا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچیوں کی جانب سے مہارت کے ساتھ نیزہ بازی کے مقابلوں میں حصہ لینا ایک مثبت پیغام ہے اور دنیا بھر کی خواتین کے لیے مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ گھڑ سواری اور دیگر کھیلوں میں پاکستانی کسی سے کم نہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات ہیں کہ ملک میں ایسے ایونٹس کی تعداد بڑھائی جائے تاکہ پاکستان کا حقیقی ثقافتی تشخص دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ فیسٹیول کے تحت جناح اسٹیڈیم میں پیرا گلائیڈنگ، ہاٹ ایئر بلون اور خاندانوں کے لیے مختلف اسٹالز سمیت متعدد سرگرمیاں جاری ہیں۔ فیسٹیول میں کھیل، ثقافت، کھانوں، موسیقی اور خاندانی تفریح کا اہتمام کیا گیا ہے۔

انہوں نے اسلام آباد کے شہریوں کو فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے، خاندانوں کو تفریح اور مختلف طبقات سمیت سفارتی برادری کو پاکستان کی ثقافت سے روشناس ہونے کا موقع ملتا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ اڑھائی برس کے دوران پاکستان میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں سہ فریقی کرکٹ سیریز کا انعقاد ہوا، انگلینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کیا، ہاکی لیگ شروع ہوئی، جب کہ اسکواش چیمپئن شپ اور یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ سمیت دیگر سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

مزید پڑھیں: جنوبی پنجاب کا قیام کیسے ممکن ہے؟ کیا یہ ریفرنڈم سے الگ صوبہ بن جائے گا؟

انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے سربراہان، وفود اور کھیلوں کی ٹیموں کے پاکستان آنے سے مستقبل میں ایسی سرگرمیوں میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس سے معاشی سرگرمیوں، سیاحت اور پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ مل سکتا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے ناروے کے ڈی جے ایلن واکر کے دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لاہور میں ایک ریل بنائی، جسے 20 ملین سے زائد ویوز مل چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فنکاروں کی سرپرستی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ سے پاکستان کی موسیقی اور دستکاری کی مصنوعات کو برآمدات کا حصہ بنایا جا سکتا ہے، جب کہ پاکستانی کھلاڑی دنیا بھر میں ٹینٹ پیگنگ کے کھیل کو متعارف کرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔