پلاننگ کمیشن کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں غربت کی شرح 2018-19 میں 21.9 فیصد تھی، جو 2024-25 میں بڑھ کر 28.9 فیصد تک جا پہنچی۔ یوں گزشتہ چھ برسوں کے دوران غربت میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شہری علاقوں میں غربت کی شرح 11 فیصد سے بڑھ کر 17.4 فیصد ہو گئی، جب کہ دیہی علاقوں میں یہ شرح 28.2 فیصد سے بڑھ کر 36.2 فیصد تک پہنچ گئی۔
صوبائی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں غربت کی شرح 16.5 فیصد سے بڑھ کر 23.3 فیصد، سندھ میں 24.5 فیصد سے 32.6 فیصد، خیبر پختونخوا میں 28.7 فیصد سے 35.3 فیصد اور بلوچستان میں 41.8 فیصد سے بڑھ کر 47 فیصد تک ریکارڈ کی گئی۔ بلوچستان بدستور سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ قرار دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی تخمینۂ غربت و عدم مساوات 2024–25 کی رپورٹ کی رونمائی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو۔
— Ministry of Planning and Development (@PlanComPakistan) February 20, 2026
تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں غربت کی شرح 2018-19 کے تقریباً 21.9 فیصد سے بڑھ کر 2024-25 میں 28.8 فیصد ہو گئی ہے۔ اس اضافہ کی بڑی وجہ عالمی اور ملکی سطح پر… pic.twitter.com/t3f6fusTSI
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غربت میں اضافے کی بڑی وجوہات میں کورونا وبا کے معاشی اثرات، عالمی سطح پر اجناس اور توانائی کی قیمتوں میں اضافہ، ملک میں آنے والے سیلاب سے انفراسٹرکچر کی تباہی اور لیبر مارکیٹ کو درپیش مشکلات شامل ہیں۔ مالی سال 2024 میں خوراک اور توانائی کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، جس کے نتیجے میں افراطِ زر اور گھریلو اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا۔
خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ خزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا نے حکومتی رپورٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعداد و شمار زمینی حقائق کی مکمل عکاسی نہیں کرتے۔
ان کے مطابق عالمی بینک کی تحقیق میں پاکستان میں غربت کی شرح 45 فیصد بتائی گئی ہے، جب کہ ان کی ذاتی تحقیق کے مطابق یہ شرح تقریباً 43 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی شرح نمو میں کمی، فی کس آمدنی میں گراوٹ اور خوراک و ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے غربت میں اضافے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
ڈاکٹر پاشا کا کہنا تھا کہ غربت میں کمی کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں معاشی ترقی کی شرح کم از کم 4.5 سے 5 فیصد تک برقرار رکھی جائے، تاکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور عوام کی آمدنی میں اضافہ ممکن ہو سکے۔






