کمپنی کا مقصد صارفین کے لیے اپنے اے آئی موڈ اور جیمنائی کے فیچرز تک رسائی آسان بنانا ہے۔
نئے ڈیزائن میں گوگل ہوم پیج پر تین نئے بٹن شامل کیے جائیں گے۔ ان کے ذریعے صارفین نانو بنانا کی مدد سے تصاویر بنا سکیں گے، فائلز اپ لوڈ کر سکیں گے اور اے آئی کے ساتھ برین اسٹورمنگ کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ ایک سائیڈ بار بھی متعارف کرائی جائے گی جس کے ذریعے صارفین اپنی حالیہ اے آئی موڈ سرچز اور سوالات تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
گوگل سرچ کے نائب صدر روبی اسٹین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نئے ہوم پیج کی جھلک شیئر کی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ نیا ڈیزائن دنیا بھر میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔
نئی تبدیلی کے باوجود گوگل کا بنیادی سرچ سسٹم برقرار رہے گا۔ صارفین سرچ باکس میں اپنا سوال لکھ کر انٹر کا بٹن دبائیں گے تو انہیں پہلے کی طرح نتائج مل سکیں گے۔
گوگل کا ایک اور مقبول بٹن 'آئی ایم فیلنگ لکی' بھی نئے ڈیزائن میں برقرار رکھا جائے گا، حالانکہ کمپنی پہلے اسے ختم کرنے پر غور کر رہی تھی۔
گوگل اپنے ہوم پیج میں شاذ و نادر ہی بڑی تبدیلیاں کرتا ہے، تاہم نئی اپ ڈیٹ سے واضح ہوتا ہے کہ کمپنی اپنے روایتی سرچ انجن کے ساتھ اے آئی فیچرز کو بھی نمایاں کرنا چاہتی ہے۔







