کمپنی کے مطابق نئی پجیرو کی فروخت سب سے پہلے تھائی لینڈ میں شروع ہوگی، جب کہ جاپان اور آسٹریلیا کی مارکیٹوں میں اسے مارچ 2027 کے اختتام تک متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔
نئی پجیرو کے ڈیزائن میں مٹسوبشی نے پرانے ماڈلز کی شکل دہرانے کے بجائے اپنی نئی ایس یو وی ایکس فورس اور ڈیسٹی نیٹر سے متاثر جدید انداز اپنایا ہے۔ گاڑی کے اگلے حصے میں چوڑی گرِل، نمایاں وہیل آرچز اور مضبوط نچلا حصہ دیا گیا ہے، جب کہ اونچی سسپنشن، سائیڈ اسٹیپس اور مڈ فلیپس اس کے آف روڈ کردار کو نمایاں کرتے ہیں۔
نئی پجیرو کی لمبائی 4,920 ملی میٹر، چوڑائی 1,925 ملی میٹر اور اونچائی 1,910 ملی میٹر ہے، جبکہ وہیل بیس 2,870 ملی میٹر ہے۔ مختلف ویریئنٹس میں 20 انچ تک کے پہیے دستیاب ہوں گے۔ پرانی پجیرو کے برعکس نئی گاڑی میں روایتی ٹیل گیٹ استعمال کیا گیا ہے اور اضافی پہیہ گاڑی کے نیچے نصب کیا گیا ہے۔
اندرونی حصے میں 3 قطاروں کے ساتھ 7 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش دی گئی ہے۔ دوسری قطار کو 150 ملی میٹر تک آگے پیچھے کیا جاسکتا ہے اور اسے آگے کی جانب فولڈ بھی کیا جاسکتا ہے، جس سے تیسری قطار میں داخل ہونا آسان ہوجاتا ہے اور سامان رکھنے کے لیے اضافی جگہ دستیاب ہوتی ہے۔
اعلیٰ درجے کے ماڈلز میں لیدر سیٹیں، نرم مواد سے بنا ڈیش بورڈ، مضبوط گراب ہینڈلز، ڈبل گلیزڈ سائیڈ ونڈوز، ایکوسٹک ونڈ اسکرین، 3 زون آٹومیٹک کلائمیٹ کنٹرول اور پچھلی کھڑکیوں کے سن شیڈز دیے گئے ہیں۔ دوسری قطار کی گرم نشستوں اور سینٹر آرم ریسٹ کے نیچے ٹھنڈے اسٹوریج کمپارٹمنٹ کی سہولت بھی موجود ہوگی۔
اعلیٰ ویریئنٹس میں ڈیش بورڈ پر 14.3 انچ کی 2 اسکرینیں دی گئی ہیں، جبکہ کم قیمت والے ماڈلز میں 12.3 انچ کی اسکرینیں استعمال ہوں گی۔ اہم افعال کے لیے فزیکل کنٹرولز برقرار رکھے گئے ہیں اور فور وہیل ڈرائیو کے مختلف موڈز کے لیے روٹری کنٹرولر دیا گیا ہے۔ تینوں قطاروں میں یو ایس بی چارجنگ پورٹس موجود ہیں، جب کہ بہتر ویریئنٹس میں 12 اسپیکرز والا یاماھا آڈیو سسٹم بھی دستیاب ہوگا۔
نئی پجیرو میں 2.4 لیٹر، 4 سلنڈر ٹربو ڈیزل انجن استعمال کیا گیا ہے، جو 204 ہارس پاور اور 480 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔ انجن کو نئی جنریشن کے 8 اسپیڈ آٹومیٹک گیئر باکس کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔
گاڑی کے ڈھانچے میں ٹرائٹن کے موجودہ سیڑھی نما فریم کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ مٹسوبشی کے مطابق فریم میں ہائی ٹینسائل اسٹیل کے زیادہ استعمال سے اس کی مضبوطی میں اضافہ ہوا ہے، جس سے پائیداری، سڑک پر کنٹرول اور خراب راستوں پر کارکردگی بہتر ہونے کی توقع ہے۔
سسپنشن کے لیے آگے ہائی ماؤنٹڈ ڈبل وش بون اور پیچھے فائیو لنک رِجڈ ایکسل دیا گیا ہے۔ پجیرو میں 230 ملی میٹر گراؤنڈ کلیئرنس ہے، جب کہ اس کا اپروچ اینگل 30.4 ڈگری، بریک اوور اینگل 22.6 ڈگری اور ڈپارچر اینگل 25.8 ڈگری ہے، جو اسے مشکل اور ناہموار راستوں پر بہتر کارکردگی میں مدد دیتے ہیں۔
نئی پجیرو میں مٹسوبشی کا سپر آل وہیل کنٹرول، یعنی ایس اے ڈبلیو سی، معیاری طور پر شامل کیا گیا ہے۔ یہ نظام فور وہیل ڈرائیو، ایکٹو کنٹرول، ٹریکشن اور اسٹیبلٹی کنٹرول اور اے بی ایس کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے۔
یہ نظام ڈرائیور کے ان پٹ اور سڑک کی صورتحال کے مطابق مختلف پہیوں تک طاقت اور بریکنگ کو ایڈجسٹ کرتا ہے، جس کا مقصد پھسلن اور ناہموار سطحوں پر گاڑی کو زیادہ مستحکم اور قابو میں رکھنا ہے۔
مضبوط فریم، طاقتور ٹربو ڈیزل انجن، 7 نشستوں والی کشادہ کابین اور جدید فور وہیل ڈرائیو نظام کے ساتھ مٹسوبشی نے پجیرو کو جدید آف روڈ ایس یو وی کے طور پر دوبارہ پیش کیا ہے۔ گاڑی کی حقیقی کارکردگی اور صارفین کا ردعمل مختلف عالمی مارکیٹوں میں فروخت شروع ہونے کے بعد سامنے آئے گا۔







