پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح 2 جدید نیویگیشن سسٹم اور جدید ترین ایویونکس سے لیس ہے اور بلند ترین درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میزائل کا منفرد پروازی راستہ اور دورانِ پرواز سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت اسے دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو شکست دینے کے قابل بناتی ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فتح 2 کے ایکسٹینڈڈ رینج ورژن سے پاک فوج کی دور دراز اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت اور عملی رسائی میں مزید اضافہ ہوگا۔

میزائل کے تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران اور سائنسدانوں و انجینئرز نے کیا۔ اس موقع پر کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے میزائل کی تیاری اور تجربے میں حصہ لینے والے سائنسدانوں اور انجینئرز کی لگن اور تکنیکی مہارت کو سراہا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا فتح-4 کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ

آئی ایس پی آر کے مطابق صدرِ مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارک باد دی۔