گوگل کے عالمی امور کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ کی سربراہی میں وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں شہباز شریف سے ملاقات کی، جس کے دوران پاکستان میں ڈیجیٹل شعبے کے فروغ اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر بھی شریک ہوئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان گوگل کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے وسیع امکانات رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت تیزی سے ڈیجیٹل تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہا ہے اور ملک کی بڑی نوجوان آبادی کو جدید مواقع فراہم کرکے معاشی ترقی کا اہم محرک بنایا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گوگل کا پاکستان میں دفتر کھولنا ایک اہم سنگ میل اور طویل مدتی شراکت داری کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون مزید فروغ پائے گا اور ڈیجیٹل شعبے میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
گوگل کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ نے کہا کہ کمپنی ایک دہائی سے زائد عرصے سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور مقامی دفتر کا افتتاح اس طویل مدتی وابستگی میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا مرکز بنانے کے ہدف کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ وژن گوگل کی ترجیحات سے ہم آہنگ ہے۔
ولسن وائٹ کے مطابق گوگل پاکستان کی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے لیے تین اہم شعبوں میں تعاون کرے گا، جن میں پاکستانی ٹیلنٹ کی ترقی، ہارڈویئر برآمدات کے لیے مینوفیکچرنگ اور انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا اور مقامی کاروباروں کی معاونت شامل ہے۔
گوگل کے نائب صدر نے بتایا کہ کمپنی نے گزشتہ 10 برسوں کے دوران پاکستان کے کاروباروں اور گھرانوں کی معاشی سرگرمیوں میں 3.9 ٹریلین روپے سے زیادہ کا حصہ ڈالا جب کہ اس دوران 9 لاکھ 60 ہزار سے زائد ملازمتوں کی معاونت کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی اسی وقت کامیاب ہوسکتی ہے جب انسانی وسائل کی ترقی میں مناسب سرمایہ کاری کی جائے۔ گوگل نے کیریئر سرٹیفکیٹس اور اسکولوں و اساتذہ کے ساتھ تعاون کے ذریعے اب تک 10 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو ڈیجیٹل مہارتیں سکھانے میں مدد فراہم کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب نے اپنی مونیٹائزیشن پالیسی میں تبدیلی کا اعلان کر دیا، نئی شرائط کیا ہیں؟
ولسن وائٹ نے مزید اعلان کیا کہ گوگل پاکستان کے تمام طلبہ کو Google Gemini کی ایک سالہ مفت سبسکرپشن فراہم کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتیں حاصل کرنے اور مصنوعی ذہانت سمیت ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھانے کے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور گوگل کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ نے مشترکہ طور پر اسلام آباد میں گوگل کے نئے دفتر کا افتتاح کیا، جسے پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔







