عثمان خواجہ نے ’دی گریڈ کرکٹر‘ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران گیند کی حالت غیر قانونی طور پر تبدیل کرنے کے واقعے کی ذمہ داری پوری ٹیم کو اجتماعی طور پر قبول کرنی چاہیے تھی۔ ان کے مطابق ٹیم کو تسلیم کرنا چاہیے کہ کھلاڑی جانتے تھے کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے، چاہے اس کے لیے سینڈ پیپر استعمال کیا گیا ہو یا کوئی دوسرا طریقہ اختیار کیا گیا ہو۔
انہوں نے اس سلسلے میں کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ کو ایک مشترکہ بیان کا مسودہ بھی بھیجا ہے، جس میں ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سے ماضی کے واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مجوزہ بیان میں اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو پیش آنے والی مشکلات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان تینوں کھلاڑیوں نے ٹیم کی خاطر بھاری قیمت ادا کی، جس پر باقی کھلاڑیوں کو افسوس ہے اور وہ ان کے شکر گزار ہیں۔
عثمان خواجہ کے مطابق ٹوڈ گرین برگ نے اس تجویز پر دیگر متعلقہ افراد سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی، تاہم انہوں نے اس حوالے سے شبہ ظاہر کیا کہ آیا تمام فریق مشترکہ بیان پر متفق ہو سکیں گے یا نہیں۔
یہ تنازع ایک بار پھر اس وقت شدت اختیار کرگیا جب عثمان خواجہ نے اپنی سوانح عمری میں 2018 کے واقعے سے متعلق تفصیلات بیان کیں۔ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بعد ازاں ایک پریس کانفرنس میں بال ٹیمپرنگ سے لاعلمی کا اظہار کیا، جب کہ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے بھی ان کے مؤقف کی حمایت کی۔ سابق کوچ ڈیرن لی مین نے بھی سینڈ پیپر کے استعمال سے لاعلمی ظاہر کی ہے۔
خواجہ نے کہا کہ انہیں پیٹ کمنز کی جانب سے عوامی سطح پر ذاتی تنقید کا سامنا کرنا پڑنے پر دکھ ہوا، کیونکہ وہ انہیں ایک اچھا انسان اور قائد سمجھتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کبھی نہیں چاہتے تھے کہ کمنز کپتانی چھوڑیں، بلکہ انہیں امید تھی کہ وہ اس معاملے پر ٹیم کو متحد کرنے میں کردار ادا کریں گے۔
عثمان خواجہ نے یہ بھی بتایا کہ ان دنوں ان کی پیٹ کمنز سے زیادہ بات چیت نہیں ہو رہی، تاہم انہیں اب بھی امید ہے کہ کمنز مستقبل میں تمام کھلاڑیوں کو ایک مؤقف پر متحد کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب سابق آسٹریلوی بلے باز کیمرون بینکرافٹ نے بھی گزشتہ ہفتے ایک تفصیلی بیان جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹیم کے کھلاڑی بال ٹیمپرنگ سے واقف تھے اور انہیں گیند پر سینڈ پیپر استعمال کرنے کی ہدایت بولنگ کوچ ڈیوڈ ساکر نے دی تھی۔ بینکرافٹ نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا تھا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی اس معاملے سے آگاہ تھے۔
عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ کیمرون بینکرافٹ نے انہیں پیغام بھیجا تھا کہ خواجہ کے سامنے آنے سے انہیں اس معاملے پر کھل کر بات کرنے کا موقع ملا۔ خواجہ کے مطابق وہ پہلے ہی جانتے تھے کہ اس معاملے پر بات کرنے والے ابتدائی افراد میں شامل ہونے کی وجہ سے انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خواجہ نے مزید انکشاف کیا کہ جنوبی افریقہ کے واقعے کے بعد متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف سیریز کے دوران ایک آسٹریلوی کھلاڑی نے گیند چمکانے کے لیے مٹھائی استعمال کرنے کی تجویز دی تھی۔
ان کے مطابق اس وقت کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر نے مبینہ طور پر دستاویزی فلم کی ٹیم کو فلم بندی روکنے کا کہا تھا اور کھلاڑیوں کو سخت تنبیہ کی تھی کہ آئندہ کسی نے ایسا کرنے کے بارے میں بھی سوچا تو اسے آسٹریلیا کی نمائندگی کا موقع نہیں ملے گا۔
ادھر کرکٹ آسٹریلیا نے موجودہ تنازع کے تناظر میں ایک آزاد فورم بھی قائم کیا ہے، جہاں کھلاڑی اور عملہ 2018 کے دورے سے متعلق اپنے تجربات اور معلومات نجی طور پر شیئر کرسکتے ہیں۔ تاہم عثمان خواجہ کی جانب سے اجتماعی ذمہ داری قبول کرنے کی تجویز پر تمام متعلقہ کھلاڑیوں کا متفق ہونا ابھی باقی ہے۔







