دورے کے دوران پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیمیں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلیں گی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان ویمنز ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کا آغاز 8 دسمبر کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہوگا۔ دوسرا میچ 10 دسمبر، جب کہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی 12 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز 15، 17 اور 20 دسمبر کو ہوگی۔ روسو کا ونڈسر پارک تمام چھ میچز کی میزبانی کرے گا۔

ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 کا حصہ ہے۔ پاکستان ٹیم اس وقت چیمپئن شپ میں 9 میچز کھیل کر 5 فتوحات کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

15 رکنی اسکواڈ میں فاطمہ ثنا، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، مومنہ ریاست، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، صدف شمس، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔

فاطمہ ثنا ویمنز بگ بیش لیگ میں مصروفیت کے باعث آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھیں۔

دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران شین ڈیٹز پاکستان ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔