ہربھجن سنگھ نے کیا کہا؟
ہربھجن سنگھ نے یہ بیان دوحہ میں ایچ ایس بی سی گالفنگ لیگ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر دیا۔ ان کا ردعمل پاکستان اے کے ہاتھوں بھارت اے کی 48 رنز سے شکست کے بعد سامنے آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے کھلاڑیوں کو میدان میں ایک دوسرے کے خلاف اس طرح کا رویہ اختیار نہیں کرنا چاہیے۔ آئی سی سی اور دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کو اس معاملے میں مداخلت کرنی چاہیے۔
ہربھجن کے مطابق میچ جیتنے کے بعد کھلاڑیوں کا ردعمل اور میدان میں ایک دوسرے کے ساتھ برتاؤ درست نہیں تھا اور یہ نوجوان نسل کے لیے اچھی مثال نہیں ہے۔
ٹاس سے پہلے ہی دونوں ٹیموں میں کشیدگی شروع ہوگئی
پاکستان اے اور بھارت اے کے درمیان کشیدگی کا آغاز میچ سے پہلے ٹاس کے موقع پر ہی ہوگیا تھا، جب بھارتی کپتان تلک ورما اور پاکستان اے کے کپتان عبدالصمد نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔
ٹاس کے نتیجے کے اعلان کے دوران بھی کچھ دیر الجھن پیدا ہوئی، تاہم بعد میں پاکستان اے کو ٹاس کا فاتح قرار دیا گیا۔
میچ کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی
میچ کے دوران بھی دونوں ٹیموں کے کھلاڑی کئی مواقع پر ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئے۔
پاکستان اے کی بیٹنگ کے دوران بھارتی فاسٹ بولر ہرشت رانا کی اوپنرز شامل حسین اور معاذ صداقت کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی۔
ہرشت رانا نے شمائل حسین کا کیچ پکڑنے کے بعد انہیں جارحانہ انداز میں پویلین جانے کا اشارہ کیا۔ بعد ازاں روہیل نذیر کو آؤٹ کرنے پر بھی انہوں نے اسی انداز میں جشن منایا۔
دوسری اننگز میں ہرشت رانا خود صفر پر آؤٹ ہوکر واپس جا رہے تھے تو پاکستانی اسپنر سفیان مقیم نے انہیں کچھ کہا، جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ اس موقع پر سفیان مقیم کے ایک ساتھی کھلاڑی نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔
ہربھجن نے بھارتی ٹیم کے ٹیسٹ میچ فیصلے پر بھی تنقید کی
ہربھجن سنگھ نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کو 15 اوورز باقی رہتے ہوئے ڈرا کرنے کے بھارتی ٹیم کے فیصلے پر بھی سوال اٹھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کو باقی 15 اوورز میں بھی بولنگ جاری رکھنی چاہیے تھی، کیونکہ ٹیسٹ کرکٹ میں آخری لمحات میں بھی میچ کا نتیجہ تبدیل ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ان 15 اوورز میں ضرور بولنگ کرواتے۔ ہربھجن نے سابق بھارتی کپتان انیل کمبلے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کا انداز آخری گیند تک مقابلہ کرنے کا تھا۔
انہوں نے سڈنی میں مائیکل کلارک کا ایک میچ بھی یاد کیا، جس میں کلارک نے آخری دو اوورز میں دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
بال ٹیمپرنگ پر پاکستان اور بھارت کے خلاف تنقید کا ذکر
ہربھجن نے 2018 کے آسٹریلوی بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریورس سوئنگ کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کو طویل عرصے تک تنقید کا سامنا رہا، حالانکہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیموں میں بھی اس نوعیت کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔
انہوں نے قدرتی ریورس سوئنگ اور گیند کے ساتھ غیر قانونی چھیڑ چھاڑ میں فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی طور پر گیند کو ریورس سوئنگ ہونے میں وقت لگتا ہے، لیکن اگر دسویں اوور میں ہی گیند غیر معمولی طور پر ریورس سوئنگ ہونے لگے تو اس پر سوال اٹھ سکتا ہے۔
ان کے مطابق سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی حالت تبدیل کرنا غیر قانونی عمل ہے اور اسے قدرتی ریورس سوئنگ کے برابر نہیں سمجھا جاسکتا۔
آسٹریلوی ٹیم کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر سوال
ہربھجن سنگھ نے 2018 کے دورہ جنوبی افریقا کے دوران آسٹریلوی ٹیم کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر آسٹریلیا کے اس مؤقف پر بھی سوال اٹھایا کہ واقعے کا علم صرف چند کھلاڑیوں کو تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ہی ٹیم کے ساتھ رہنے والے کھلاڑیوں کے لیے یہ ممکن نہیں کہ انہیں اپنے ساتھیوں کی سرگرمیوں کا بالکل علم نہ ہو۔
ہربھجن کے مطابق اگر ٹیم کے اندر ایسا واقعہ پیش آیا تو اس میں صرف چند افراد کی شمولیت کے مؤقف کو بھی پرکھنے کی ضرورت ہے۔








