پوڈکاسٹ پروگرام دی گریڈ کرکٹر میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان خواجہ نے کہا کہ 2018 میں عالمی کرکٹ میں بال ٹیمپرنگ ایک عام عمل بن چکا تھا اور اس وقت کئی ٹیمیں گیند کی حالت میں تبدیلی کی کوشش کرتی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ سے قبل آسٹریلوی ٹیم میں بھی بال ٹیمپرنگ کو معمول کی بات سمجھا جانے لگا تھا اور کھلاڑی اس معاملے پر زیادہ حساس نہیں رہے تھے۔

عثمان خواجہ کے مطابق جب کیمرون بینکرافٹ سینڈ پیپر لے کر میدان میں جانے والے تھے تو انہوں نے انہیں ایسا کرنے سے نہیں روکا، بلکہ صرف احتیاط برتنے کا مشورہ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بارش کے دوران گیند کا غیر معمولی طور پر سوئنگ ہونا امپائرز کی توجہ حاصل کرسکتا تھا۔

خواجہ نے اپنی کتاب ’صبر‘ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جنوبی افریقا کے کھلاڑی بھی گیند کی حالت خراب کرنے کے عمل میں ملوث تھے۔ انہوں نے خاص طور پر جنوبی افریقی فاسٹ بولر کگیسو ربادا کی ریورس سوئنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف بیٹنگ کرنا انتہائی مشکل ہوتا تھا۔

سابق آسٹریلوی کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور انڈیا کے خلاف میچز کے دوران بھی انہوں نے گیند کو ریورس سوئنگ کرانے کے لیے اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہوتے دیکھی تھی، تاہم انہوں نے اپنے اس دعوے کے حق میں کوئی ٹھوس تفصیلات پیش نہیں کیں۔

عثمان خواجہ کے مطابق اس دور میں استعمال ہونے والی پرانی کوکابورا گیندوں پر ایک ہی تہہ ہوتی تھی، جس کے باعث گیند جلد خراب ہوجاتی تھی اور اس سے ریورس سوئنگ حاصل کرنا آسان ہوتا تھا۔

واضح رہے کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سامنے آیا تھا، جس کے بعد آسٹریلوی کرکٹرز اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔