مالدیپ میں جاری کامن ویلتھ بیچ ہینڈ بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے اپنی شاندار اور ناقابل شکست کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

پاکستان نے ہفتے کو کھیلے گئے دونوں میچز میں جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کو واضح فرق سے شکست دے کر لیگ مرحلے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

پہلا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا گیا، جس میں پاکستانی ٹیم نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کو دو صفر سے شکست دی۔

پاکستان نے پہلا سیٹ 15-24 سے جیتنے کے بعد دوسرا سیٹ مزید جارحانہ کھیل کے ساتھ 5-28 سے اپنے نام کیا۔ اس میچ میں کاشف علی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 18 پوائنٹس اسکور کیے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

Featured image (13)
 پاکستان اس سے قبل انڈیا، سری لنکا اور میزبان مالدیپ کو بھی شکست دے چکا ہے۔ (فائل فوٹو)

دوسرے میچ میں شام کے وقت پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوا، جہاں پاکستانی ٹیم نے ایک بار پھر مکمل بالادستی قائم رکھتے ہوئے میچ کو دو صفر سے جیتا۔

اس میچ میں پاکستان نے پہلا سیٹ 9-30 اور دوسرا سیٹ 13-32 سے جیت کر نہ صرف میچ اپنے نام کیا بلکہ لیگ مرحلے میں ٹاپ پوزیشن بھی یقینی بنائی۔

اس میچ کے ہیرو محمد شاہد بشیر رہے جنہوں نے 18 پوائنٹس اسکور کیے، جبکہ احمد حسن بیگ نے 12 اور حضرت حسین نے چار پوائنٹس کے ساتھ ٹیم کی جیت میں کردار ادا کیا۔ شاہد بشیر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اس سے قبل انڈیا، سری لنکا اور میزبان مالدیپ کو بھی شکست دے چکا ہے اور اس طرح ٹیم نے پانچ فتوحات حاصل کر کے خود کو سیمی فائنل کے لیے سب سے مضبوط امیدوار کے طور پر پیش کر دیا ہے۔

پاکستانی ٹیم کی مسلسل کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ کھلاڑیوں نے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں قدم رکھا ہے۔ ٹیم کے کوچز اور آفیشلز کا کہنا ہے کہ اگلا ہدف فائنل تک رسائی اور ٹائٹل جیتنا ہے۔