افغانستان نے 2009 میں ون ڈے کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا، جس کے بعد ٹیم نے مسلسل ترقی کرتے ہوئے عالمی کرکٹ میں اپنی جگہ بنائی۔
2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان اور سری لنکا کے خلاف تاریخی فتوحات اور 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی اس سفر کے اہم سنگ میل ہیں۔
افغانستان نے اب تک 191 ون ڈے میچز کھیلے ہیں، جن میں سے 96 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کا جیت اور شکست کا تناسب 1.09 ہے۔
رینکنگ میں افغانستان اس سے پہلے بنگلہ دیش، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز جیسی ٹیموں کو پیچھے چھوڑ چکا تھا، جب کہ اب سری لنکا کو بھی مات دے کر چھٹی پوزیشن پر آگیا ہے۔
افغان ٹیم کی حالیہ کامیابیوں میں اگست میں آئرلینڈ کے خلاف اس کی سرزمین پر 4-0 سے ون ڈے سیریز جیتنا اور متحدہ عرب امارات میں زمبابوے اور بنگلہ دیش کے خلاف سہ ملکی سیریز میں ناقابلِ شکست رہنا شامل ہے۔
افغانستان نے شارجہ میں سہ ملکی سیریز کے فائنل میں زمبابوے کو سات وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ کپتان راشد خان نے سیریز میں 11 وکٹیں حاصل کرکے پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
مزید پڑھیں: شاہین آفریدی 150 ون ڈے وکٹیں لینے والے ’تیز ترین پاکستانی فاسٹ بولر‘ بن گئے
ون ڈے رینکنگ میں انڈیا پہلے، نیوزی لینڈ دوسرے، جنوبی افریقا تیسرے، پاکستان چوتھے اور آسٹریلیا پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ میں انگلینڈ سرفہرست ہے، جب کہ انڈیا دوسرے اور آسٹریلیا تیسرے نمبر پر ہے۔







