میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو اور 32 سالہ جارجینا روڈریگز نے 11 اگست کو پرتگال کے شہر کاسکائس میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کی، جس میں ان کے 5 بچے بھی شریک ہوئے۔

رونالڈو کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصویر میں دونوں کے ہاتھ ایک دوسرے کے ہاتھ میں دکھائی دے رہے ہیں، جب کہ دونوں نے شادی کی انگوٹھیاں بھی پہن رکھی ہیں۔

یہ شادی جارجینا کی جانب سے اگست 2025 میں منگنی کا اعلان کیے جانے کے تقریباً ایک سال بعد ہوئی ہے۔ جارجینا نے اس وقت اپنے ہاتھ کی تصویر شیئر کی تھی، جس میں منگنی کی انگوٹھی نمایاں تھی۔

کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز کی پہلی ملاقات 2016 میں میڈرڈ کے ایک معروف گچی اسٹور میں ہوئی، جہاں جارجینا بطور سیلز اسسٹنٹ کام کرتی تھیں۔

بعد ازاں دونوں کا تعلق مضبوط ہوتا گیا اور 2017 میں وہ پہلی مرتبہ زیورخ میں ہونے والے فیفا فٹبال ایوارڈز کی تقریب میں ریڈ کارپٹ پر ایک ساتھ نظر آئے۔ اس کے بعد رونالڈو نے جارجینا کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے اپنے تعلق کو عوامی سطح پر ظاہر کیا۔

رونالڈو اور جارجینا کے 5 بچے ہیں، جن میں جڑواں بچے ایوا ماریا اور میٹیو، بیٹی الانا، بیٹی بیلا اور رونالڈو کا 16 سالہ بیٹا کرسٹیانو جونیئر شامل ہیں، جو رونالڈو کے سابقہ تعلق سے ہیں۔

اپریل 2022 میں رونالڈو اور جارجینا نے اپنے نومولود جڑواں بیٹے اینجل کی وفات کا اعلان بھی کیا تھا۔

تقریباً ایک دہائی تک ساتھ رہنے کے بعد اب کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز نے اپنی شادی کی تقریب بھی انتہائی نجی رکھنے کا فیصلہ کیا۔