رونالڈو نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر جاری ایک جذباتی ویڈیو پیغام میں پرتگال کی قومی ٹیم کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپنی مشہور جرسی نمبر 7 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب وہ قومی ٹیم کی یہ شرٹ واپس کرنے کا وقت آگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی اس شرٹ کو صرف اپنی ملکیت نہیں سمجھا، تاہم 23 سال تک اسے پہننا، اپنے ملک کی نمائندگی کرنا اور دنیا بھر کے اسٹیڈیمز میں پرتگال کا پرچم بلند رکھنا ان کے لیے اعزاز اور ذمہ داری رہی۔

کرسٹیانو رونالڈو نے 2003 میں پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا تھا۔ اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران انہوں نے 234 میچز کھیلے اور 146 گول اسکور کیے، جو مردوں کے بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے اور گول کرنے کا عالمی ریکارڈ ہے۔

رونالڈو کے کیریئر کا سب سے بڑا اعزاز 2016 میں فرانس میں ہونے والی یورپیئن چیمپئن شپ جیتنا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے 2019 اور 2025 میں پرتگال کو یوئیفا نیشنز لیگ کے ٹائٹلز جتوانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

وہ اپنے بین الاقوامی کیریئر میں چھ فیفا ورلڈ کپ اور چھ یورپیئن چیمپئن شپ سمیت 12 بڑے ٹورنامنٹس میں پرتگال کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ 2026 کے ورلڈ کپ میں انہوں نے تین گول کیے، تاہم پرتگال کی ٹیم پری کوارٹر فائنل میں ایونٹ کی فاتح اسپین سے شکست کھا کر باہر ہوگئی۔

رونالڈو کی ریٹائرمنٹ کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ماہ قومی ٹیم کے کوچ جورج جیسس کے ساتھ ان کے اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

رپورٹس کے مطابق کھیلنے کے وقت سے متعلق تنازع کے بعد رونالڈو ٹیم کیمپ چھوڑ گئے تھے اور انہیں 30 روز کی معطلی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔ تاہم قومی ٹیم سے علیحدگی کے باوجود رونالڈو سعودی عرب کے فٹبال کلب النصر کی جانب سے اپنا کلب کیریئر جاری رکھیں گے۔

اپنے الوداعی پیغام میں رونالڈو نے کہا کہ گول، ٹرافیاں اور ریکارڈ وقت کے ساتھ پیچھے رہ جاتے ہیں، لیکن لوگوں کے دلوں میں بنائی گئی جگہ کبھی ختم نہیں ہوتی۔

مزید پڑھیں؛ ’رونالڈو‘ بننے کی خواہش سے ’نیا میسی‘ کہلانے تک کا سفر؛ 19 سالہ لڑکا افریقہ کا مہنگا ترین فٹبالر کیسے بنا؟

انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، خاندان اور دنیا بھر میں موجود مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پرتگال ہمیشہ ان کے دل میں رہے گا۔

دوسری جانب پرتگال فٹبال فیڈریشن نے بھی رونالڈو کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں قومی ٹیم کی روح اور ایک متاثر کن رہنما قرار دیا۔

فیڈریشن کے مطابق رونالڈو نے اپنے غیرمعمولی کیریئر کے دوران ملک کے لیے بے مثال خدمات انجام دیں اور فٹبال کی تاریخ میں ناقابلِ فراموش مقام حاصل کیا۔