مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کا مینز فائنل پاکستان اور کوریا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جس میں پاکستان نے کورین ٹیم کو 2-0 سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔
پاکستانی کھلاڑی نور زمان نے کوریا کے کھلاڑی جیونگمن ریو کو 3-0 سے شکست دی۔ نور زمان نے یہ میچ 11-5، 11-7 اور 13-11 سے جیتا۔ دوسرے میچ میں پاکستانی کھلاڑی محمد عاصم خان نے کوریا کے سیوجن اوہ کو 3-0 سے ہرایا۔ ان کی کامیابی کا اسکور 11-6، 11-5 اور 11-4 رہا۔
مینز مقابلوں میں پاکستان نے گولڈ میڈل، کوریا نے سلور میڈل جبکہ ملائیشیا اور ہانگ کانگ چائنا کی ٹیموں نے براؤنز میڈلز حاصل کیے۔ ایران نے پانچویں اور ازبکستان نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔
ویمنز فائنل ملائیشیا اور ہانگ کانگ چائنا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جس میں ہانگ کانگ چائنا کی ٹیم نے دفاعی چیمپئن ملائیشیا کو 2-1 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
ہانگ کانگ چائنا کی کھلاڑی تو لی مہم ٹوبے نے ملائیشیا کی لی ایکسن ینگ کو 3-1 سے شکست دی، جبکہ ہانگ کانگ چائنا کی چن سن یک نے ملائیشیا کی اینہ امانی کو بھی 3-1 سے ہرایا۔ تیسرے میچ میں ملائیشیا کی یشمیتا جیڈش کمار نے ہانگ کانگ چائنا کی لی کا یی کو 3-1 سے شکست دی۔
ویمنز مقابلوں میں چوتھی اور پانچویں پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں کوریا کی ٹیم نے پاکستان کو 3-0 سے شکست دے کر چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ کوریا کی ڈیمی کم نے پاکستان کی سحرش علی کو 3-0 سے، منگیون ہیو نے ثنا بہادر کو 3-1 سے جبکہ ہوائیونگ ایوم نے ماہ نور علی کو 3-0 سے ہرایا۔
ویمنز مقابلوں میں ہانگ کانگ چائنا نے گولڈ، ملائیشیا نے سلور جبکہ ایران اور کوریا کی ٹیموں نے براؤنز میڈلز حاصل کیے۔ پاکستان کی ویمنز ٹیم پانچویں پوزیشن پر رہی۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی ایشین اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر مسٹر عادل جاسم الغریب نے پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ایئر وائس مارشل سہیل اکبر، نائب صدر قمر زمان، گوگی علاؤالدین اور جان شیر خان کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔







