پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنائے، جواب میں انگلینڈ انڈر 19 کی پوری ٹیم 35.1 اوورز میں 155 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے عثمان خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 151 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے 136 گیندوں کا سامنا کیا اور 15 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ کپتان فرحان یوسف نے بھی 115 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ عبدالقادر نے صرف 13 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔

پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو علیان سلمان صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے، تاہم اس کے بعد عبدالقادر اور کپتان فرحان یوسف نے اننگز کو سنبھالا۔ بعد ازاں فرحان یوسف اور عثمان خان نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

عثمان خان اور فرحان یوسف کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے ریکارڈ 268 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ پاکستان کی آخری وکٹیں اختتامی اوورز میں گریں اور قومی انڈر 19 ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے سبحان علی نے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ چارلی ٹیلر اور لیوک ہینڈز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

333 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ انڈر 19 کی بیٹنگ پاکستانی باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی۔ اوپنر آئیزک محمد نے 72 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ لیوک ہینڈز 28 رنز بنا سکے، تاہم دیگر انگلش بلے باز پاکستانی باؤلنگ کے سامنے نمایاں مزاحمت نہ کرسکے۔

انگلینڈ انڈر 19 کی پوری ٹیم 35.1 اوورز میں 155 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد صیام نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں اور انگلش بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی، جبکہ رضوان اللہ، احمد حسین اور نقاب شفیق نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

یوں پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ انڈر 19 کو 177 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر چار میچوں پر مشتمل یوتھ ون ڈے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان کی کامیابی میں عثمان خان کی شاندار 151 رنز کی اننگز، کپتان فرحان یوسف کے 115 رنز اور محمد صیام کی تباہ کن باؤلنگ نمایاں رہی۔