ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پی ایس ایل فرنچائزز کے مالکان کے درمیان لیگ کے ممکنہ شیڈول پر مشاورت جاری ہے۔ لندن میں ہونے والے پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں بھی آئندہ سیزن کے شیڈول سمیت مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوری میں لیگ کرانے کی صورت میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی ایک اہم چیلنج بن سکتی ہے، کیونکہ اس عرصے کے دوران مختلف ممالک کی بین الاقوامی سیریز اور دیگر ٹی ٹوئنٹی لیگز جاری ہوتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پنجاب میں جنوری اور فروری کے دوران شدید سردی اور دھند بھی پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد میں مشکلات پیدا کرسکتی ہے، جس کے باعث موسم اور سفری حالات کو بھی شیڈولنگ میں مدنظر رکھا جائے گا۔

دوسری جانب پی ایس ایل کے موجودہ سیزن کے علاوہ سال کے وسط میں ایک اضافی ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اس تجویز کا مقصد فرنچائزز اور براڈکاسٹرز کے لیے آمدن کے اضافی مواقع پیدا کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 12 کی حتمی تاریخوں اور مکمل شیڈول کا فیصلہ پی سی بی، فرنچائزز اور دیگر متعلقہ فریقین کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ فی الحال جنوری 2027 میں ایونٹ کرانے کی تجویز حتمی فیصلہ نہیں ہے۔

قومی ٹیم اکتوبر اور نومبر میں سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کھیلے گی، جس کے بعد مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز شیڈول ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف یہ سیریز موجودہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں پاکستان کی آخری ٹیسٹ مہم بھی ہوگی، جس کے باعث نومبر کے وسط سے مارچ تک دستیاب عرصے کو پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کے لیے استعمال کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے ابتدائی 9 ایڈیشنز فروری اور مارچ میں منعقد ہوتے رہے، تاہم بین الاقوامی کرکٹ کے مصروف شیڈول کے باعث گزشتہ 2 سیزنز میں لیگ کی تاریخوں میں تبدیلی کی گئی تھی۔

2025 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور 2026 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے باعث پی ایس ایل کو اپریل اور مئی کی مدت میں منتقل کیا گیا، جس کے نتیجے میں لیگ کا انعقاد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ساتھ ایک ہی عرصے میں ہوا۔