فیفا کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ انفانٹینو نے اپریل میں دوبارہ انتخاب لڑنے کا اعلان کیا تھا اور ان کے ارادے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

56 سالہ جیانی انفانٹینو کو فیفا ایونٹس میں نجی سرمایہ کاری لانے کے متنازع منصوبے ’فیفا فارورڈ انٹرپرائز‘ پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، تاہم یہ منصوبہ بعد ازاں ختم کردیا گیا۔

یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا نے منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے انفانٹینو پر شدید الزامات عائد کیے تھے، جبکہ شمالی امریکا کی کونکاکاف اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے ان کی حمایت کی۔

انفانٹینو کے ممکنہ حریف کے طور پر کونکاکاف کے صدر وکٹر مونٹاگلیانی کا نام سامنے آرہا ہے، تاہم یوئیفا کے صدر الیگزینڈر چیفرین پہلے ہی انتخاب لڑنے سے انکار کرچکے ہیں۔

انفانٹینو اس وقت واحد اعلان شدہ امیدوار ہیں۔ دوبارہ منتخب ہونے کے لیے انہیں فیفا سے وابستہ 211 فٹبال فیڈریشنز میں سادہ اکثریت حاصل کرنا ہوگی۔

صدارتی انتخاب کے لیے امیدواروں کے کاغذات جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 نومبر مقرر ہے۔ دوبارہ منتخب ہونے کی صورت میں انفانٹینو 2031 تک فیفا کے صدر رہیں گے۔