بظاہر ان دونوں کے درمیان فاصلہ بڑھتا جا رہا ہے اور حکومتی سیاسی قیادت اسٹیبلشمنٹ سے بتدریج محتاط دوری اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے۔
موجودہ سیاسی منظرنامے کا دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ بظاہر اسٹیبلشمنٹ تحریکِ انصاف اور جمعیت علمائے اسلام پر مشتمل اپوزیشن کے ساتھ داخلی محاذ پر برسرِپیکار دکھائی دیتی ہے، جب کہ حکمران جماعتیں اپنے اجتماعی سیاسی مفادات اور باہمی ہم آہنگی کے تحت معتوب اپوزیشن جماعتوں، تحریکِ انصاف اور جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ بھی بہتر روابط اور وسیع تر سیاسی رابطہ کاری کی راہیں ہموار کرتی محسوس ہوتی ہیں۔
یوں ایسا سیاسی منظرنامہ تشکیل پاتا دکھائی دیتا ہے جس میں حکمران اتحاد اور اپوزیشن کے بعض دھڑے اپنے باہمی اختلافات کے باوجود اسٹیبلشمنٹ کی بالادستی کے مقابل مشترکہ پوزیشن لیتے نظر آتے ہیں۔
سیاسی جماعتوں کی اس صف بندی کو بظاہر عالمی برادری کی خاموش حمایت اور عالمی ذرائع ابلاغ کی پوری توجہ حاصل ہے۔ جس کے نتیجے میں کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار کے حوالے سے عوامی سطح پر سوالات اور اختلافات نمایاں ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔
دوسری جانب مذہبی جماعتیں، علمائے کرام اور خانقاہی نظام سے وابستہ پیران عظام ،دانشور، شعراء اور ادیب بھی ماضی کی طرح اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کھڑے دکھائی نہیں دیتے۔ ان حلقوں میں بھی محتاط فاصلہ اختیار کرنے اور اپنے سیاسی و سماجی وجود کو کسی ایک طاقت کے ساتھ وابستہ رکھنے سے گریز کا رجحان محسوس ہوتا ہے۔
نئے صوبوں کی تشکیل کا معاملہ اس سیاسی منظرنامے میں ایک اہم عامل بن کر سامنے آیا ہے۔ اس مسئلے نے ان قوم پرست جماعتوں اور علاقائی سیاسی قوتوں کو ایک نئی سوچ اور نئی صف بندی کی جانب مائل کیا جو ماضی میں ہمیشہ اسٹبلشمنٹ کی دائیں جانب رہتی تھیں۔
خاص کر سندھ کی متعدد قوم پرست اور علاقائی جماعتیں اور شخصیات، جن میں جی ایم سید، جئے سندھ قومی محاذ (جسقم)، متحدہ قومی موومنٹ، رسول بخش پلیجو، قادر مگسی، جام صادق علی، مظفر شاہ، علی بخش سومرو اور ارباب غلام رحیم جیسے نام شامل ہوا کرتے تھے.
مختلف ادوار میں مقتدرہ کے سیاسی بندوبست کا حصہ بنتے رہے یا ملک گیر جماعتوں کمزور کرنے کے لیے سیاسی کردار ادا کرتے رہے۔ تاہم موجودہ حالات میں ان حلقوں کی جانب سے بھی ماضی جیسی یکسوئی اور وابستگی دکھائی نہیں دیتی۔
بلوچستان میں بھی اکبر بگٹی، زہری، رئیسانی، جام، جمالی اور مینگل خاندانوں سے وابستہ سیاسی قوتیں مختلف ادوار میں مقتدرہ کے ساتھ تعلقات، اختلافات اور سیاسی مفاہمت کے مختلف مراحل سے گزرتی رہی ہیں۔ آج ان میں سے کئی حلقوں کا طرز عمل بھی ماضی کی روایتی سیاسی صف بندی سے مختلف دکھائی دیتا ہے۔
خیبر پختونخوا میں ولی خان کے سیاسی گھرانے اور عوامی نیشنل پارٹی نے طویل عرصے تک ریاستی مقتدرہ کے ساتھ ایک مخصوص نوعیت کے تعلقات برقرار رکھے۔
ناقدین کے نزدیک اس قربت کی سیاسی قیمت اے این پی کو عوامی حمایت سے محرومی کی صورت میں چکانا پڑی اور اسی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سیاسی خلا کو بعد ازاں تحریک انصاف اور پشتون تحفظ موومنٹ نے اپنے اپنے انداز میں پُر کیا۔
آج یہ دونوں قوتیں(پی ٹی آئی اور پی ٹی ایم) بھی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ اپنے اختلافات اور تحفظات کے باعث مخالفانہ سیاسی پوزیشن رکھتی ہیں۔
ان تمام عوامل کو یکجا کرکے دیکھا جائے تو ایک ایسا منظرنامہ سامنے آتا ہے جس میں اسٹیبلشمنٹ کو ماضی کی نسبت کہیں زیادہ پیچیدہ سیاسی صورت حال کا سامنا ہے۔
اگر عالمی سطح پر بھی اسے پہلے جیسی سیاسی پذیرائی اور حمایت حاصل نہیں رہی تو اندرون ملک سیاسی جماعتوں، مذہبی حلقوں، قوم پرست قوتوں اور عوامی رائے کے ساتھ اس کے تعلقات کا ازسرِنو جائزہ لینا ناگزیر ہو جاتا ہے۔
یوں محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان میں اقتدار کی روایتی یکجائی بتدریج ایک نئی سیاسی کشمکش میں ڈھل رہی ہے، جہاں ایک طرف ریاستی طاقت کے روایتی مراکز ہیں اور دوسری جانب سیاسی قوتیں اپنے اپنے مفادات، اختلافات اور مشترکہ ترجیحات کے ساتھ ایک نئے سیاسی بندوبست کی تلاش میں سرگرداں دکھائی دیتی ہیں۔
سوال یہ ہے کہ کیا یہ محض ایک عارضی سیاسی صف بندی ہے یا پاکستان کی سیاست میں طاقت کے توازن کی کسی بنیادی تبدیلی کا پیش خیمہ؟
تحریر:اسلم اعوان
نوٹ: بلاگر کے ذاتی خیالات سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ ایڈیٹر







