ایران کی مہر نیوز ایجنسی کے مطابق منگل کے روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل احمد واحدی نے کہا کہ ایران کے مخالفین کو اب یہ سمجھ لینا چاہیے کہ مستقبل کی جنگ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت صورت حال مکمل طور پر ایرانی مسلح افواج کے کنٹرول میں ہے، جو اپنی پوزیشنوں پر مضبوطی سے قائم ہیں اور ایران کے دفاع کے لیے پہلے سے زیادہ طاقتور ہیں۔
خطے میں امریکی موجودگی پر تنقید کرتے ہوئے پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ نے کہا کہ امریکی فوج کی یہاں موجودگی کا مقصد علاقائی ممالک پر قبضہ کرنا اور خطے پر اپنا تسلط برقرار رکھنا ہے۔
جنرل احمد واحدی کا یہ بیان ایران جنگ کے بعد خطے میں جاری کشیدگی، امریکی بحری ناکہ بندی اور آبنائے ہرمز میں ہونے والی جھڑپوں کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
انہوں نے امریکی حکام کی جانب سے ماضی میں خطے کے ممالک کے لیے ’دودھ دینے والی گائے‘ جیسی اصطلاحات استعمال کیے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن خطے کے وسائل پر کنٹرول حاصل کرنا چاہتا ہے۔
جنرل احمد واحدی کے مطابق، خطے میں امریکی موجودگی اس کے توسیع پسندانہ عزائم کا نتیجہ ہے اور واشنگٹن کو علاقائی ممالک کے مفادات اور ترجیحات کی کوئی پرواہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی ممالک کو یہ حقیقت سمجھ لینی چاہیے کہ امریکا پر انحصار ان کی سلامتی کی ضمانت نہیں بن سکتا۔
اس بیان سے چند روز قبل جنرل احمد واحدی نے ایران کے نئے زیرِ زمین ’میزائل سٹی‘ اور بیک وقت دو میزائل داغنے کی صلاحیت رکھنے والے جدید لانچر کی نقاب کشائی کی تھی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے ایران کی دفاعی صلاحیتوں کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا تھا کہ ایرانی میزائلوں کی رینج پر کوئی جغرافیائی پابندی نہیں ہے۔
دوسری جانب ایرانی بحریہ نے منگل کے روز دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکرز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی۔
ایرانی بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں آئل ٹینکرز منگل کی صبح اپنے نیویگیشن سسٹم بند کرکے آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں واقع ممنوعہ زون میں داخل ہوئے تھے۔ بیان کے مطابق بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد جہازوں میں آگ لگ گئی اور وہ حرکت کرنے کے قابل نہیں رہے۔
یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل ایران کی سپاہِ پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی بحریہ نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے ہرمز میں تین دیگر آئل ٹینکرز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے باعث شدید دھماکے ہوئے اور بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔
پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے جہازوں کے مالکان، کپتانوں اور شپنگ کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ امریکی فوجی تحفظ یا سیکیورٹی اسکارٹ بحری قوانین اور اس کے میری ٹائم ٹریفک کنٹرول سینٹر کی ہدایات پر عمل درآمد کا متبادل نہیں ہو سکتا۔







