خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تین عینی شاہدین نے بتایا کہ ریاض کے کاروباری علاقے میں واقع ایک فلک بوس عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جہاں سعودی عرب کے خودمختار سرمایہ کاری فنڈ، پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کا ہیڈکوارٹر بھی قائم ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ پر حملے کو ’بزدلانہ دہشت گرد حملہ‘ قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ حکام جائے وقوع پر تحقیقات کر رہے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حملے میں پی آئی ایف ٹاور کو نشانہ بنایا گیا، تاہم حکام کی جانب سے حملے کی مزید تفصیلات اور عمارت کو پہنچنے والے نقصان کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ علاقے میں لاؤڈ اسپیکر نصب گاڑی کے ذریعے پیدل چلنے والوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔ واقعے سے قبل دارالحکومت کے شہریوں کے موبائل فونز پر کوئی ہنگامی انتباہ بھی جاری نہیں کیا گیا تھا۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں ایک ٹاور کو حوثی ملیشیا کی جانب سے نشانہ بنانے کے دہشت گرد حملے میں 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے 19 نومبر کو بھی ریاض کے مالیاتی ضلع میں پی آئی ایف ٹاور کو حملے میں نقصان پہنچا تھا۔ سعودی حکام کے مطابق اس حملے میں عمارت کی کئی منزلوں اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
حکام نے سرکاری طور پر عمارت کا نام ظاہر نہیں کیا تھا، تاہم سول ڈیفنس کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں پی آئی ایف ٹاور کے بیرونی حصے کو نقصان پہنچنے اور شیشے ٹوٹنے کے مناظر دکھائی دیے تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق گزشتہ حملے میں پی آئی ایف ٹاور کی ساتویں اور آٹھویں منزل سمیت متعدد منزلوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئی تھیں، جب کہ عمارت کے بیرونی دھاتی حصے کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ حوثی باغیوں نے گزشتہ ہفتے کے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی، تاہم منگل کو ہونے والے تازہ حملے کے حوالے سے انہوں نے تاحال کوئی دعویٰ نہیں کیا۔
یاد رہے کہ 385 میٹر بلند پی آئی ایف ٹاور ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ہے، جہاں سعودی اسٹاک ایکسچینج کے ہیڈکوارٹرز کے علاوہ گولڈمین سیکس سمیت متعدد عالمی کمپنیوں کے دفاتر بھی قائم ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق حوثی باغیوں نے حالیہ ہفتوں کے دوران سعودی عرب پر حملے تیز کر دیے ہیں۔ ان حملوں میں ہوائی اڈوں، توانائی کے بنیادی ڈھانچے، فوجی تنصیبات اور ریاض کے مالیاتی ضلع کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اکتوبر میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک مہلک حملے میں 14 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد پروازیں دو ہفتوں کے لیے معطل کر دی گئی تھیں۔
ان حملوں کے جواب میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔







