برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق اس نئے ٹیرف میں انڈیا کے علاوہ چین، یورپی یونین، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ، انڈونیشیا، ملائیشیا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، ویتنام، تائیوان، بنگلہ دیش اور جاپان بھی شامل ہیں۔
اعلان کے مطابق مختلف ممالک اور مصنوعات پر الگ الگ شرحوں سے محصولات عائد کیے جائیں گے۔ چین کو سب سے زیادہ، یعنی 40 فیصد تک ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا، جب کہ ویتنام پر 35 فیصد تک محصولات عائد ہوں گے۔ دیگر ممالک کے لیے یہ شرح 20 سے 25 فیصد تک رکھی گئی ہے۔
کچھ ممالک پر 25 فیصد تک محصولات عائد کیے جائیں گے، جن میں تھائی لینڈ اور انڈیا شامل ہیں، جب کہ جاپان سمیت دیگر ممالک کو 20 فیصد تک ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا۔ برطانیہ اس فہرست میں شامل نہیں ہے۔
تاہم بعض ممالک کے لیے ان محصولات کی شرح میں کمی بھی ہوسکتی ہے، کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی کچھ ممالک کے ساتھ ٹیرف کی حد مقرر کرنے پر اتفاق کرچکے ہیں۔
امریکا کے تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے کہا ہے کہ نئے محصولات ’’امریکی ورکرز کے لیے مواقع کو مساوی بنائیں گے اور عالمی معیشت کے لیے ایک نئے اور زیادہ پائیدار راستے کا تعین کریں گے۔‘‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا کے بہت سے تجارتی شراکت داروں نے کئی دہائیوں سے ایسی صنعتی حکمت عملیاں اپنائی ہوئی ہیں جن میں مینوفیکچرنگ کو ہدف بنانا، اجرتوں اور محنت کشوں کو دبانا اور دیگر ایسی پالیسیاں شامل ہیں جو منڈی کو مسخ کرتی ہیں، تجارتی توازن کو اپنے حق میں جھکاتی ہیں اور امریکی صنعتی شعبے کو کمزور کرتی ہیں۔
دوسری جانب ماہرینِ معاشیات نے خبردار کیا ہے کہ محصولات کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ ان کے مطابق اگر کاروباری ادارے بڑھتی ہوئی لاگت صارفین پر منتقل کرتے ہیں تو اشیا کی قیمتیں بڑھ سکتی ہیں، جبکہ اس پالیسی سے عالمی تجارت کی رفتار بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی دوسری مدتِ صدارت کے دوران متعدد بار مختلف ممالک پر محصولات عائد کرنے کی دھمکیاں دے چکے ہیں اور بعض محصولات نافذ بھی کرچکے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ اس پالیسی سے امریکا کے صنعتی شعبے کو فروغ ملے گا اور ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی کمزور کارکردگی کے باوجود صدر ٹرمپ اپنی نمایاں تجارتی پالیسی پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ٹرمپ امریکا کے تجارتی خسارے میں بھی کمی لانا چاہتے ہیں۔ تجارتی خسارہ ان اشیا کی مجموعی مالیت کے درمیان فرق کو کہا جاتا ہے جو امریکا دوسرے ممالک سے خریدتا ہے اور ان اشیا کی مالیت کے درمیان جو وہ بیرونِ ملک فروخت کرتا ہے۔
اس اعلان کے بعد امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دنیا کی یہ دونوں بڑی معیشتیں پہلے ہی تجارتی تنازع اور مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔
امریکا اور چین جوابی محصولات کی ایک جنگ میں بھی الجھے ہوئے ہیں، جسے فی الحال روک دیا گیا ہے۔
گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات کے باوجود دونوں فریقوں کی جانب سے تجارتی جنگ میں جنگ بندی سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ یہ جنگ بندی 10 جنوری کو ختم ہونے والی ہے۔
ادھر یورپی کمیشن نے امریکا کے نئے محصولات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کے نفاذ کی وجوہات کا جائزہ لے گا۔ کمیشن نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ محصولات کی شرح 15 فیصد کی اس حد تک محدود ہے جس پر پہلے ہی اتفاق کیا جاچکا تھا۔







