ترک خبررساں ایجنسی کے مطابق وزیر انصاف اکِن گورلیک نے بتایا کہ استنبول کی 11ویں ہائی کرمنل کورٹ میں نیتن یاہو، افیک ماسکووچ سمیت 35 ملزمان کے خلاف عدالتی کارروائی جاری ہے۔
ترک وزیر انصاف کے مطابق 14 جولائی 2026 کو نیتن یاہو اور افیک ماسکووچ کے خلاف نسل کشی کے الزامات پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے، جس کے بعد وزارتِ انصاف نے وزارتِ داخلہ سے انٹرپول کے ریڈ نوٹس کے حصول کے لیے کارروائی شروع کرنے کی درخواست کی۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں متعلقہ دستاویزات وزارتِ خارجہ کو بھی ارسال کردی گئی ہیں۔
اکِن گورلیک کے مطابق مقدمہ بین الاقوامی پانیوں میں غزہ کے لیے انسانی امداد لے جانے والے شہریوں کے خلاف مبینہ مسلح مداخلت اور کارکنوں کو حراست میں لینے کے الزامات پر قائم کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق مقدمے میں انسانیت کے خلاف جرائم، نسل کشی، تشدد، املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر الزامات شامل ہیں۔
ترک وزیر انصاف نے کہا کہ ترکیے غزہ میں مبینہ جرائم کے ذمہ دار افراد کو استثنیٰ کی آڑ میں بچنے کی اجازت نہیں دے گا اور ملکی و بین الاقوامی قانون کے تحت دستیاب تمام ذرائع استعمال کیے جائیں گے۔







